پشاور کے ’بنوں بیف ریسٹورنٹ‘ نے پشاور زلمی کی ٹیم کو کھانے کی دعوت دی ہے۔ ہوٹل کی انتظامیہ نے خواہش ظاہر کی ہے کہ پشاور زلمی ٹیم کے کھلاڑی ان کے ہوٹل کے روایتی کھانوں سے محظوظ ہوں۔
ہوٹل کے مالک شاہ زیب خان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ زلمی ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی اور لیام ڈائسن نے پشاور کے چپلی کباب اور دم پخت کھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے تاہم ان کو پشاور آنے پر بنوں کی مشہور روایتی ڈش پینڈہ بھی کھلائیں گے۔
خیبر پختونخوا اپنے منفرد کھانوں کے حوالے سے خاصا مشہور ہے۔ ضلع بنوں اور لکی مروت کی مشہور ڈش ’پینڈہ‘ ہے جس کو لوگ کافی پسند کرتے ہیں، پینڈہ پشتو کا لفظ ہے جس کے معنیٰ زیادہ یا پنڈال ہیں۔ صوبے کے بعض علاقوں میں اس ڈش کو ’سوبت‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس روایتی کھانے کو مٹی کے برتن میں ڈال کر کھایا جاتا ہے۔ پشاور کے عباد اللہ اپنے دوستوں کے ساتھ بنوں بیف پینڈہ کھانے آئے ہوئے تھے۔ انہوں نے اردو نیوز کو بتایا کہ پینڈہ پختون روایت سے لیا گیا ہے جہاں پر لوگ ساتھ بیٹھ کر ’ایک ہی تھالی‘ میں کھانا کھاتے ہیں جبکہ ایک دوسرے کے ساتھ مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال بھی کرتے ہیں۔
پینڈہ کیسے تیار کیا جاتا ہے؟
بنوں بیف کے باورچی طارق خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’اس کی تیاری میں پانچ چھ قسم کے خاص مصالحے استعمال کیے جاتے ہیں جو وہ بنوں سے لاتے ہیں۔ پینڈہ تیار کرنے کے لیے پہلے مرغی کو پکایا جاتا ہے اور شوربہ تیار کیا جاتا ہے، پھر مٹی کے برتن میں چپاتی کے ٹکڑے کرکے اس پر شوربہ، آلو اور پھر دیسی مرغی کا گوشت، دھنیا، دیسی گھی اور کالی مرچ ڈال دیے جاتے ہیں۔‘
طارق خان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ پینڈہ کے لیے رائتہ بھی تیار کیا جاتا ہے جو اس کا مزہ دوبالا کر دیتا ہے۔
ہوٹل کے مالک شاہ زیب خان نے بتایا کہ بنوں کا پینڈہ پہلی بار انہوں نے پشاور میں متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پینڈہ کی تین اقسام ہوتی ہیں جس میں دیسی مرغ، برائلر اور بیف شامل ہیں۔ یہ تینوں یہاں پر تیار کئے جاتے ہیں۔
شاہ زیب خان کے مطابق پہلے پشاور اور دیگر شہروں کے لوگ پینڈہ کھانے کے لیے بنوں جاتے تھے لیکن اب پشاور میں دستیاب ہونے پر لوگ یہاں کا رخ کرتے ہیں اور پسند بھی کرتے ہیں۔
پینڈہ اور دیسی کھانوں کے لیے مشہور ہوٹل کو شاہ زیب خان نے روایتی انداز سے تیار کیا ہوا ہے۔
پی ایس ایل اور پشاور زلمی کے حوالے سے شاہ زیب خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرن سیمی اور لیام ڈائسن نے پشاور کے چپلی کباب اور دم پخت کھانے کی فرمائش کی ہے۔ شاہ زیب خان نے کہا کہ وہ پشاور زلمی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پشاور آنے کی دعوت دیتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کے ہوٹل آکر روایتی کھانا پینڈہ بھی کھائیں اور ان کو میزبانی کا موقع دیں۔