شاہ رخ خان اور راج کمار ہیرانی کی ایک ساتھ فلم بنانے کی خبر گردش میں ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ممبئی کو اگر خوابوں کا نگر کہا جاتا ہے تو بالی وڈ کو افواہوں کی دنیا تو کہہ ہی سکتے ہیں۔ شاید ہی کوئی دن ایسا ہو جس دن کوئی افواہ گرم نہ ہو۔
اب دیکھیے نا، بالی وڈ کے 'بادشاہ' کہلائے جانے والے اداکار شاہ رخ خان اور ہدایت کار راج کمار ہیرانی کے ایک ساتھ فلم بنانے کی خبر نہ جانے کب سے گردش کر رہی ہے۔ لیکن کسی بھی جانب سے تصدیق نہیں ہو رہی۔
بات یہیں تک نہیں اس فلم کی شوٹنگ کہاں کہاں ہوگی اس کی بھی تفصیلات گردش کر رہی ہیں۔ اس فلم کی تھیم تک ذرائع کے حوالے سے بیان کی جا رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ ترک وطن کے موضوع پر مبنی فلم ہوگی اور اس کی شوٹنگ کینیڈا، لندن اور گجرات میں ہوگی۔
اس سے بھی مزیدار بات یہ ہے کہ اس میں شاہ رخ خان کے ساتھ کون سی اداکارہ ہوں گی اس کی بابت بھی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ اندھیرے میں اگر تیر چلانے کا شوق نہ بھی ہو تو لوگ شاہ رخ خان کے ساتھ ہٹ فلمیں دینے والی اداکارہ کاجول کا نام لے ہی لیتے ہیں۔
لیکن مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ کاجول نے واضح انداز میں اس خبر کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ انھیں ایسی کوئی پیش کش نہیں ہوئی۔
کاجول سے قبل اسی کردار کے بارے میں کرینہ کپور کا نام لیا گیا تو ’پنک ولا ‘ نامی انٹرٹینمنٹ نیوز سائٹ نے لکھا کہ 'انگریزی میڈیم' کی اداکارہ 'بیبو' یعنی کرینہ کپور نے ایک انٹرویو میں اس کی تردید کی ہے۔
انھوں نے کہا: 'اس میں کوئی صداقت نہیں۔ میں شاہ رخ خان کو پسند کرتی ہوں اور ان کی عزت کرتی ہوں اور ان کے ساتھ آگے بھی کام کرنا چاہوں گی۔ لیکن فی الحال اس قسم کی کوئی چیز نہیں ہو رہی ہے۔'
جس چیز پر اتنی ہلچل ہے اس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ شاہ رخ خان اس کا اعلان نومبر میں اپنے یوم پیدائش پر کریں گے۔ تو صاحب جان گئے کہ مارکیٹنگ کیسے ہوتی ہے۔
اب جب مارکیٹنگ کی بات ہوئی ہے تو سلمان خان سے بازی لے جانا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔ وہ ایک فلم میں اداکاری کے لیے کتنی رقم لیتے ہیں اس کا درست جواب معدودے چند افراد کے شاید کسی کے پاس ہو اور جن کے پاس ہے وہ شیئر کیوں کرنے لگے۔
لیکن کہا جاتا ہے کہ سلمان خان کا معاوضہ بہت ہے۔ کئی جگہ کہا گیا کہ سلمان خان حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے معروف ریئلیٹی شو 'بگ باس' کے لیے پانچ کروڑ روپے یومیہ اجرت لیتے تھے۔
یہ رقم ہی کسی کو ہضم نہیں ہو رہی تھی کہ اب یہ خبر گرم ہے کہ سلمان خان ایک سمارٹ فون موبائل کے اشتہار شوٹ کرنے کی یومیہ اجرت سات کروڑ روپے لے رہے ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ حال ہی میں انھوں نے ایک چینی کمپنی کے سمارٹ فون کے لیے ممبئی کے معروف محبوب سٹوڈیو میں شوٹنگ کی ہے۔
اس کے ساتھ یہ خبر بھی گرم ہے وہ اس کی پروموشن کے لیے بھی اتنی ہی یومیہ فیس وصول کریں گے اور انھوں نے ابھی سے کمپنی کو چار پانچ دن دے دیے ہیں۔ اب سلو بھائی اتنے پیسے کا کیا کریں گے یہ وہی جانیں لیکن ان کے حریف اداکاروں کو ان سے حسد ہو نہ ہو ان پر رشک تو ضرور آتا ہوگا۔
اب بات جب افواہ کی چل پڑی ہے تو ڈمپل گرل دیپکا پاڈوکون کے حوالے سے یہ تصدیق شدہ خبر ہے کہ انھوں نے کورونا وائرس کے خطرے کے تحت اپنا پیرس کا سفر منسوخ کر دیا ہے۔
انھوں نے سفر منسوخ ضرور کیا ہے لیکن ان کا دل اس فیشن ویک میں لگا ہوا ہے۔ انڈین میڈیا میں کہا جا رہا ہے کہ انھوں نے فرانس میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کے سبب ایسا کیا ہے۔
انھوں نے اپنے انسٹا گرام پر لکھا: 'میں اس بار شامل نہیں ہو پا رہی ہوں لیکن دور سے ہی آپ سب کے لیے چیئر کروں گی۔ یہ بہت شاندار ہوگا۔ آپ سب کو پیار دوستو۔'
انھوں نے اس تقریب کے حوالے سے اپنی کئی تصاویر شیئر کیں اور اس شو کو فیشن کا 'بلما' کہا ہے۔ دیپکا کو فیشن ہاؤس لوئی ووٹن نے پیرس فیشن ویک کے لیے مدعو کیا تھا۔
ان کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے آئی اے این ایس کو بتایا کہ وہ ایف ڈبلیو 2020 شو میں جانے والی تھیں لیکن فرانس میں کورونا وائرس کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے انھیں اپنا پروگرام منسوخ کرنا پڑا۔