پاکستان کے کامیڈی کنگ امان اللہ خان کی وفات کے بعد سوشل میڈیا پر یہ افواہ گردش کر رہی ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے امان اللہ کو سٹیج ڈراموں میں کام کرنے کی وجہ سے قبر کی جگہ دینے سے انکار کیا۔
سوشل میڈیا پر جمعے کی شام سے گردش کرنے والی افواہوں پر اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے امان اللہ کی صاحبزادی زرغون امان اللہ نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا جا رہا ہے کہ سوسائٹی کی انتظامیہ نے ان کے والد کو قبر کی جگہ دینے سے انکار کیا۔
زرغون امان اللہ کا کہنا تھا کہ ’کسی نے یہ نہیں کہا کہ چونکہ امان اللہ خان سٹیج پر کام کرتے تھے اس لیے ان کو قبرستان میں جگہ نہیں دی جائے گی۔‘
مزید پڑھیں
-
امان اللہ خان کی لاہور میں تدفین: ’آج مزاح یتیم ہوگیا‘Node ID: 463251
-
’جب مایوس ہو تو کال کرنا میں ہنسا دوں گا‘Node ID: 463266
-
’ہالی وڈ میں ان کا مجسمہ بنتا‘Node ID: 463286
ان کے مطابق ’ایسا کچھ نہیں ہوا ہے، یہ فیک نیوز ہے، ہم تین قبروں کی جگہ لینا چاہتے تھے کیونکہ ہم مزار بنانا چاہ رہے تھے لیکن سوسائٹی والے کہہ رہے تھے کہ ایک بندے کے لیے تین قبروں کی جگہ نہیں مل سکتی۔ بس یہی معاملہ تھا جسے وزیر اطلاعات نے حل کرایا۔‘
سوشل میڈیا پر مذکورہ جملوں کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شئیر کی جا رہی ہے جس میں پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ ویڈیو سوسائٹی کے قبرستان میں بنائی گئی جہاں پر امان اللہ خان رہائش پذیر تھے۔ اس ویڈیو میں صوبائی وزیر اطلاعات کو قبر کی جگہ پر پہنچتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ وہ ویڈیو میں سوسائٹی کی انتظامیہ کے افراد کو کہہ رہے ہیں کہ قبر کو وہیں بنایا جائے جہاں اسے کھودا جا رہا ہے۔
تاہم اس ویڈیو میں وہ الزامات دکھائی یا سنائی نہیں دے رہے جن کا ذکر اس ویڈیو کو شئیر کرنے والے صارفین اپنی تحریروں میں کر رہے ہیں۔
مبینہ طور پر پیراگون سوسائٹی کے قبرستان میں امان اللہ مرحوم کو دفنانے پر مسئلہ ھوا. pic.twitter.com/wCgSHvudMZ
— صحرانورد (@Aadiiroy) March 6, 2020