اٹلی کے شہروں وینس اور میلان کا لاک ڈاؤن
عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا سے دنیا میں ایک لاکھ افراد متاثر ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی
اٹلی کی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مشہور شہر وینس اور تجارتی مرکز میلان شہر سمیت ملک کے شمالی علاقے کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو اٹلی کے وزیراعظم نے ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ انہوں نے دو شہروں کے لاک ڈاؤن کے حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں اور یہ بندش ایک ماہ تک رہے گی۔
اٹلی میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 230 ہو گئی ہے جو چین سے باہر کسی بھی ملک بھی اس وائرس سے مرنے والوں کی دوسری بڑی تعداد ہے۔ ملک کے شمالی حصے میں جم اور سوئمنگ پولز بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
صحت کے عالمی ادارے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق دنیا بھر میں ایک لاکھ سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق شمالی اٹلی کے لاک ڈاؤن سے لاکھوں افراد وینس اور میلان سے باہر نہیں آ سکیں گے اور نہ ہی ملک کے دوسرے علاقوں سے کوئی وہاں جا سکے گا۔
دنیا بھر میں پھیلتے کورونا وائرس نے امریکہ کو بھی متاثر کیا ہے اور امریکی شہر نیویارک میں کورونا کی وجہ سے ہنگامی حالت کے نفاذ کے بعد ریاست کیلیفورنیا کے ساحل کے نزدیک روکے گئے کروز شپ گرینڈ پرنسز پر سوار افراد میں سے 21 میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ کیلیفورنیا کے گورنر پہلے ہی ریاست میں ہنگامی حالت کا نفاذ کر چکے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق امریکی کی 30 ریاستوں میں کورونا کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 19 ہے۔
ادھر فرانس نے کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے بعد ملک بھر میں سکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔