Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرم مکہ کی ٹچ سکرین عارضی طور پر معطل

کارکنوں کی فنگر پرنٹس کے ذریعے شناخت کا عمل بھی معطل کر دیا گیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
مسجد الحرام مکہ میں تمام ٹچ سکرینز کو وقتی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مکہ میں احتیاطی تدابیر کے طور پر مزید اقدامات کیے گئے ہیں جن میں مسجد الحرام میں نصب رہنما سکرین کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق کورونا سے بچاؤ کے لیے تمام اقدام کیے جائیں گے (فوٹو: ٹوئٹر)

یہ سکرینز رہنمائی اور معلومات کے لیے داخلی راستوں اور مختلف مقامات پر نصب ہیں۔
یہ اقدام کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

ہدایات اور معلومات کو ریموٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جائے گا (فوٹو: ٹوئٹر)

سعودی عرب کے دونوں مقدس شہروں میں موجود مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے معاملات کی جنرل پریذیڈنسی اتھارٹی کی جانب سے دونوں مساجد میں آنے والے زائرین کی صحت کی حفاظت کے طور پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
محکمہ کے ڈائریکٹر علی بن حمید النافعی نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’انتہائی مہلک وائرس کو انتہائی محدود کرنے اور زائرین کے لیے پرامن ماحول رکھنے کے لیے یہ احتیاطی تدبیر ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’کچھ نصب سکرین پر نظر آنے والی ہدایات اور معلومات کو ریموٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جائے گا۔‘
غیر ملکی زائرین کے لیے عارضی پابندی بھی کورنا وائرس سے بچاؤ اور حفاظتی اقدامات کا حصہ ہے۔ اسی طرح ملک بھر میں صحت کے حوالے سے دیگر اقدامات کے ساتھ حفاظتی تدابیر پرعمل کیا جا رہا ہے۔
دونوں مساجد کی جنرل پریذیڈنسی نے کارکنوں کے لیے فنگر پرنٹس کے ذریعے شناخت کا عمل بھی وقتی طور پر معطل کر دیا ہے۔
اسی طرح مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں بھی ایسے حفاظتی اقدامات پر عمل کیا جا رہا ہے۔
  • سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں,

شیئر: