’خطبہ اور نماز جمعہ کو 15 منٹ تک محدود کیا جائے‘
نماز اور اقامت کے درمیان وقفہ بھی 10 منٹ کردیا گیا ہے ( فوٹو: سبق)
وزیر اسلامی امور، دعوت و ارشاد ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاط کے پیش نظر خطبہ جمعہ اور نماز کے دورانیے کو مختصر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزات اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’لوگوں کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے نماز اور اقامت کے درمیان وقفے کو بھی کم کرتے ہوئے 10 منٹ تک کر دیا جائے‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزیر اسلامی امور نے نماز جمعہ اور خطبہ کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب کی تمام مساجد میں خطبہ اور نماز جمعہ کے وقفے کو بھی کم کر تے ہوئے 15 منٹ تک محدود کر دیا جائے‘۔
سعودی عرب میں پیر اور جمعرات کے دن عام طور پر روزہ رکھا جاتا ہے، اس حوالے سے مساجد میں روزہ داروں کے لیے افطاری کا اہتمام بھی اہل محلہ کرتے ہیں، روزہ داروں کی افطاری کے حوالے سے بھی وزارت اسلامی امور نے ہدایات جاری کرتے ہوئے اسے وقتی طور پر بند کرنے کے احکامات دیے ہیں۔ علاوہ ازیں مساجد میں پانی کے گلاس فوری طور پر ہٹانے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
یاد رہے اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں بھی گزشتہ جمعہ کے دن نماز اور خطبہ کے دورانیے کو کم کر کے 15 منٹ کر دیا گیا تھا۔
نماز اور خطبے کے دورانیے کو کم کرنے کا مقصد کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہے تاکہ لوگوں کو اس مرض سے محفوظ رکھا جاسکے۔