Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا نے گھروں کو سکول میں تبدیل کردیا

طلبہ کو آن لائن تعلیم کے لیے اپنے مضمون اور جماعت کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔ فوٹو سوشل میڈیا
کورونا وائرس سے بچاﺅ کی خاطر سکول، کالج اور یونیورسٹیاں بند کیے جانے پر سعودی گھر سکولوں میں تبدیل ہوگئے۔
مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی طلبہ نے آن لائن تعلیم کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گھروں میں کورس مکمل کرنا شروع کردیا ہے۔
الشرق الاوسط کے مطابق وزارت تعلیم نے طلبہ و طالبات کو آن لائن اسباق فراہم کرنا شروع کر دیا ہے۔
مواصلاتی کمپنیوں نے طلبہ کو انٹرنیٹ کی مفت سہولت فراہم  کی ہے۔ وزارت تعلیم نے مواصلاتی کمپنیوں سے اس کی درخواست کی تھی۔

 وزارت تعلیم نے طلبہ  کو آن لائن اسباق فراہم کرنا شروع کردیے ۔ فوٹو سوشل میڈیا

رواں تعلیمی سال میں یہ آٹھواں ہفتہ ہے ۔ بیشتر طلبہ و طالبات آن لائن تعلیمی نظام سے بڑی آسانی سے منسلک ہوگئے۔ انہوں نے سکولوں میں جہاں کورس  چھوڑا گیا تھا انہیں ٹی وی ، کمپیوٹر اور سمارٹ موبائل کے ذریعے گھرو ںمیں مکمل کرنا شروع کردیا ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن اتھارٹی کے گورنر محمد التمیمی نے ٹویٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر بتایا کہ’ اتھارٹی نے تمام مواصلاتی کمپنیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ تعلیم اور صحت کی سرکاری ویب سائٹس تک صارفین کو مفت رسائی دیں‘۔
عین چینل کے ذریعے اسباق پیش کیے جارہے ہیں۔ طلبہ کو اپنے مضمون اور جماعت کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔اسباق سامنے آنے لگتے ہیں ۔ اعلیٰ صلاحیت کے اساتذہ آن لائن کورس سادہ زبان میں پیش کررہے ہیں۔

 اساتذہ آن لائن کورس سادہ زبان میں پیش کررہے ہیں۔ فوٹو سوشل میڈیا

بیشتر سکولوں نے اپنے طلبہ اور ان کے سرپرستوں سے کہا ہے کہ وہ باقی ماندہ کورس آن لائن مکمل کرانے کا اہتمام کریں۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن بورڈ نے اعدادوشمار جاری کرکے بتایا ہے کہ 93 فیصد آبادی انٹرنیٹ کے ذریعے تعلیم کی نئی سہولت سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔ 50 ملین افراد انٹرنیٹ سے منسلک ہوگئے ہیں۔ یاد رہے کہ سعودی عرب پوری دنیا میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے والے ممالک میں 23 ویں نمبر پر ہے۔
سعودی خاتون منیرہ السبیت نے الشرق الاوسط سے گفتگو میں کہاکہ مختلف تعلیمی وسائل کی بدولت طلبہ کورس سمجھ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا پہلی بار ہم نے تعلیمی چینل عین سے استفادہ کیا ہے۔ دو بچے پرائمری اور ایک بچہ مڈل سکول میں زیر تعلیم ہے۔ تینوں عین چینل سے نشر ہونے والے اسباق پابندی سے دیکھ رہے ہیں۔ اور وہ آن لائن تدریس سے مطمئن ہیں۔ 
بچوں کا کہناہے کہ عین چینل کے استاد کلاس روم میں موجود استاد کے تدریس کے طریقے سے مختلف انداز میں ہمیں سمجھا رہے ہیں۔
                   
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: