Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہالی وڈ اداکار ٹام ہینکس اور اہلیہ بھی کورونا وائرس کا شکار

ٹام ہینکس اور اہلیہ کو آسٹریلیا کے ہسپتال میں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
بین الاقوامی شہرت یافتہ ہالی وڈ اداکار ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایف ایف پی کے مطابق ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ اس وقت آسٹریلیا میں ایک فلم کے پراجیکٹ میں مصروف ہیں جہاں دونوں کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
آسٹریلیا کی ریاست کوئنز لینڈ کے محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ 63 سالہ اداکار اور ان کی اہلیہ کو مشرقی آسٹریلیا میں گولڈ کوسٹ کے ایک ہسپتال میں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
انسٹاگرام پر کی گئی ایک پوسٹ میں ٹام ہینکس نے اپنے مداحوں کے لیے لکھا ہے کہ ’ریٹا اور میں اس وقت آسٹریلیا میں ہیں۔ ہم تھکاوٹ محسوس کر رہے ہیں، سردی لگ رہی ہے اور جسم میں درد ہے۔‘
ٹام ہینکس کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی خبر سامنے آئی تو ان کا نام ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بن گیا۔
اداکار اور ان کی اہلیہ کی صحت یابی کے متعلق نیک خواہشات اور تمناؤں کا اظہار کرنے والے سوشل میڈیا صارفین نے ان کے فن اداکاری سے متعلق مختلف وڈیوز اور تصاویر شیئر کیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس نے شہریوں کو متاثر کیا ہے۔
دنیا بھر میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 124،000 ہوگئی ہے جبکہ 4،500 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ٹام ہینکس اور اہلیہ فلم پراجیکٹ کے لیے آسٹریلیا کے دورہ پر تھے۔ فوٹو اے ایف پی

امریکہ میں باسکٹ بال کے ایک معروف کھلاڑی میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کے بعد نیشنل باسکٹ بال ایسوسی نے لیگ کے میچز ملتوی کر دیے ہیں۔
ادھر امریکی صدر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ کورونا وائرس تمام دنیا کا مشترکہ دشمن ہے اور اس وائرس کو جلد از جلد شکست دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امریکیوں کی زندگی کو محفوظ بنانا انکی اولین ترجیح ہے۔
کورونا وائرس کے معیشت پر منفی اثرات کے باعث امریکی معاشی مرکز وال سٹریٹ میں 20 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔

شیئر: