دنیا کی 500 بڑی کمپنیوں کا منافع بھی ’وائرس‘ سے متاثر
دنیا کی 500 بڑی کمپنیوں کا منافع بھی ’وائرس‘ سے متاثر
پیر 2 مارچ 2020 13:07
ہونڈائی موٹرز کی گاڑیوں کی فروخت میں 13 فیصد کمی آئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
عالمی معاشی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کے باعث رواں سال بیشتر بین الاقوامی کاروباری کمپنیوں کو خسارے کا سامنا رہے گا۔
خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ نے نیو یارک سٹاک ایکسچینج کے ماہرین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2020 میں کورونا وائرس کاروباری کمپنیوں کے منافع پر اثر انداز رہے گا۔
ماہرین کے مطابق امریکی سٹاک ایکسچینج کی فہرست میں شامل 500 بڑی کمپنیاں رواں سال منافع نہیں کما سکیں گی۔
اس سے قبل معاشی ماہرین کا خیال تھا کہ سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ہی کمپنیوں کو خسارے کا سامنا کرنا پڑے گا اور اس کے بعد معمول کے مطابق کمپنیاں منافع کما سکیں گی تاہم اب کورونا وائرس کے مزید ملکوں تک پھیلنے اور ہلاکتوں میں اضافے کے باعث ماہرین کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
سال 2008 کے عالمی معاشی بحران کے بعد پہلی مرتبہ امریکی سٹاک مارکیٹ میں حصص کے نرخوں میں اس حد تک کمی دیکھی گئی ہے۔
امریکی چیز انویسٹمنٹ کونسل کے صدر پیٹر کروز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے معیشت پر اثرات سال کی دوسری سہ ماہی میں بھی نمایاں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد سے کوئی ایسا دن نہیں کہ جب کمپنیوں پر اس کے منفی اثرات مرتب نہ ہو رہے ہوں۔
سٹاک مارکیٹ میں مندی کی وجہ ایپل جیسی بڑی کمپنیوں کا کورونا کے معیشت پر اثرات کے حوالے سے متنبہ کرنا بھی ہے۔
ادھر جنوبی کورین کمپنی ہنڈائی موٹرز کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق گاڑیوں کی فروخت میں 13 فیصد کمی آئی ہے۔
ہنڈائی کا شمار گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں میں پانچویں نمبر پر ہے۔ ہنڈائی سب سے پہلی آٹو کمپنی ہے جس نے کورونا وائرس کے منافع پر منفی اثرات تسلیم کیے ہیں۔
جمعے کے روز ہنڈائی نے ایک اہلکار کے وائرس سے متاثر ہونے پر فیکٹری بند کر دی تھی تاہم ہنڈائی کے ترجمان کے مطابق اب فیکٹری میں کام معمول کے مطابق شروع ہو گیا ہے۔
امریکی کمپنی نائیکی نے بھی نیدرلینڈ میں واقع یورپی ہیڈ کوارٹر دو دن کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نائیکی کے ایک اہلکار کے وائرس سے متاثر ہونے پر پیر اور منگل کو دفتر بند رکھا جائے گا تاکہ وائرس کے جراثیم سے محفوظ رہا جا سکے۔
نائیکی کے یورپی ہیڈ کوارٹر میں 80 ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً دو ہزار اہلکار کام کرتے ہیں۔
نیدرلینڈ کے حکام کے مطابق ملک میں 28 فروری سے اب تک 10 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس 60 سے زائد ممالک تک پھیل چکا ہے، جبکہ 88 ہزار افراد اس سے متاثر ہو چکے ہیں۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں