رائے ونڈ مذہبی اجتماع مختصر
ہزاروں افراد اجتماع سے آج روانہ ہوں گے (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستانی حکومت کی جانب سے انتباہ اور کورونا وائرس کے خطرات کو نظر انداز کرتے ہوئے رواں ہفتے پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہزاروں افراد تبلیغی اجتماع کے لیے اکٹھے ہوئے تھے۔
تاہم اب منتظمین کی جانب سے اس اجتماع کو مختصر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پاکستان میں یہ مذہبی اجتماع ہر سال لاہور سے 30 کلومیٹر جنوب میں رائے ونڈ کے مقام پر منعقد کیا جاتا ہے، یہ ملک کا سب سے بڑا مذہبی اجتماع ہوتا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منتظمین نے جمعرات کو اس اجتماع کو مختصر کر دیا تھا تاہم ان کا کہنا ہے کہ ’ایسا خراب موسم کی وجہ سے کیا گیا۔‘
یہ تبلیغی اجتماع جمعرات کو اس وقت ختم کیا گیا جب اڑھائی لاکھ افراد لاہور کے قریب کیمپس میں پانچ روزہ اجتماع کے لیے اکٹھے ہو چکے تھے۔
تبلیغی اجتماع کے ایک منتظم احسان اللہ نے جمعے کو اے ایف پی کو بتایا کہ ’ان میں سے اکثر لوگ اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں تاہم اب بھی ہزاروں افراد وہاں موجود ہیں۔ باقی لوگ آج اپنے گھروں کو روانہ ہو جائیں گے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت تک کورونا وائرس کے 21 تصدیق شدہ کیسز سامنے آچکے ہیں تاہم اس سے ابھی تک کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
ملک کی 21 کروڑ 50 لاکھ کی آبادی میں 500 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔