مساجد میں صفوں کے درمیان فاصلہ رکھنے کی ہدایت ( فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے اور اس سے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کومحفوظ رکھنے کے لیے ہر سطح پر احتیاطی تدبیر اختیار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اس ضمن میں وزارت اسلامی امور کی جانب سے متعدد اہم فیصلے کیے گئے ہیں جن میں جمعے کی نماز کا دائرہ جامع مساجد کے علاوہ تمام مساجد تک پھیلادیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ’وزارت اسلامی امور نے نمازیوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام افراد اپنے گھروں کے قریب کسی بھی مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کرلیں‘۔
وزارت اسلامی امور نے وزارت کے تمام متعلقہ اداروں کو تحریری ہدایت جاری کی ہے کہ چھوٹی مساجد میں بھی جمعے کی نماز کے انتظامات کرلیں۔ اس حوالے سے نمازیوں کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہ ہو۔
وزارت اسلامی امور نے ایک ہدایت یہ بھی دی ہے کہ تمام جامع مساجد میں نماز بندوبست اس انداز سے ہو کہ نمازی اژدحام سے متاثر نہ ہوں۔
ہدایت کے مطابق چھوٹی مساجد میں جمعہ کی نماز کی اذان کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ اب تک چھوٹی مساجد میں جمعے کی اذان پر پابندی تھی۔
دریں اثنا سبق نیوز کےمطابق وزیر اسلامی امور نے مساجد کے ائمہ سے کہا ہے کہ ’وہ صفیں بناتے وقت ایک صف کی جگہ چھوڑنے کا اہتمام کریں۔
صفوں میں جگہ چھوڑنے کی پابندی پر عمل مساجد میں تمام فرض نمازوں کے لیے بھی کیاجائے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی عرب کے ممتاز علماء بورڈکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی شخص کو یہ خدشہ ہو کہ اسے جمعے کی نمازکے لیے جامع مسجد جانے سے نقصان ہوگا یا اس کی وجہ سے کسی اور کو تکلیف ہوگی تو وہ اسے جمعہ نہ پڑھنے کی شرعاً اجازت ہے۔
یہی بات دیگر فرض نمازوں میں جماعت کے بارے میں بھی ہے کہ اگر کسی کو محسوس ہو کہ اس کے جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے سے وہاں لوگوں کو تکلیف ہوگی یا اسے کوئی بیماری لاحق ہوسکتی ہے تو ایسی صورت میں اسے جماعت ترک کرنے کی اجازت ہے۔