کورونا وائرس سے بچاؤ کےلیے احتیاطی تدابیر پر عمل کیاجائے(فوٹو ، سوشل میڈیا)
سعودی وزارت صحت نے 50 سے زیادہ مہمانوں پر مشتمل تقریبات نہ کرنے کی تاکید کردی ہے۔ کوئی بھی سرکاری یا نجی ادارہ کوئی ایسی تقریب منعقد نہ کرے جو50 سے زیادہ مہمانوں پر مشتمل ہو۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے احتیاطی ہدایات کے حوالے سے کہا ہے کہ کوشش کریں کہ مصافحہ نہ کیا جائے کیونکہ اس ہاتھ ملانے سے وائرس سب سے زیادہ منتقل ہورہا ہے۔
وزارت صحت نے مزید کہا کہ’ ہماری کوشش ہے کہ معاشرے کے تمام طبقوں کو نئے کورونا وائرس کے بارے میں معلومات اورجزئیات سے آگاہی ہو تاکہ اس مرض سے بچاؤ کے درست طریقے سے واقف ہوں‘
وزارت صحت نے آگہی مہم کے بعد سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ وہ نئے کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے مندرجہ ذیل احتیاط برتیں۔
کھانسی یا چھینک جیسے تنفس کے امراض میں مبتلا افراد مقررہ طریقے سے حفاظتی ماسک کا استعمال کریں۔ جبکہ متاثرہ شخص کی عیادت کرنے والے ماسک کے سلسلے میں خصوصی احتیاط سے کام لیں۔
وزارت صحت نے ہوائی اڈوں پر اسکرین اور روڈ بورڈز پر ہدایات جاری کردی ہیں۔
وزارت صحت ، وزارت اطلاعات و نشریات کے تعاون سے ریڈیو ٹی وی اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھی آگہی مہم جاری ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق مصدقہ معلومات کے لیے لوگ وزارت صحت کے رابطہ سینٹر 937 سے رجوع کریں۔
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین سے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاﺅ اور اس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے وزارت صحت کی جاری کردہ ہدایات کی سختی سے پابندی کریں۔
سعودی عرب کے سرکاری اور نجی اداروں کی طرف سے بھی کورونا وائرس سے بچاﺅکے سلسلے میں ضروری ہدایات دروازوں پرچسپاں کی گئی ہیں۔ تحریری طور پر بھی ہدایات پر عمل درآمد کی تلقین کی جارہی ہے۔