’سندھ کے لوگ تین دن تک گھروں میں رہیں‘
جمعہ 20 مارچ 2020 16:42
توصیف رضی ملک -اردو نیوز، کراچی
وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ لوگ احتیاط کا مظاہرہ کریں (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان کے صوبہ سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عوام تین دن تک گھروں میں رہیں۔
جمعے کے روز کراچی میں کورونا وائرس کے حوالے سے قائم ٹاسک فورس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عوام تین دن تک مکمل آسولیشن میں چلے جائیں، یہ عوام اور سب کی صحت اور حفاظت کے لیے ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے لے لیے لوگوں کا اس وقت گھروں میں ہی رہنا سب سے بہتر اقدام ہو گا۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کے اگلے تین دن عوامی تعطیلات ہیں، دو دن ہفتہ اتوار جبکہ پیر کو یوم پاکستان کی چھٹی ہے، اس تناظر میں وزیر اعلیٰ سندھ نے عوام سے پیشگی اپیل کی ہے کہ وہ ان تین دنوں میں گھر میں رہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چار افراد ایک ساتھ گاڑی میں بھی سفر نہ کریں اور سماجی فاصلہ رکھیں۔
دوسری جانب آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے عوام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے خلاف سب سے پہلا اور بنیادی قدم عوام کی نقل و حرکت کو حقیقی معنوں میں محدود کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس واضح ہدایات کے تحت جمعہ کے روز سے گاڑیوں کے اندر، سڑکوں، شاہراہوں اور دیگر مقامات پر چار سے زیادہ افراد کے اکٹھا نہ ہونے کے عمل کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کی پابندی نہ کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائی جائے گی۔
دوسری طرف پنجاب میں ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 96 ہوگئی ہے۔
ترجمان کے مطابق تمام کنفرم مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں اور اب تک صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں 528 مشتبہ مریضوں کے لیب ٹیسٹس کیے جا چکے ہیں جن میں سے 409 ٹیسٹ نیگیٹیو آئے جبکہ 23 مشتبہ افراد کے رزلٹ آنا باقی ہیں۔