پانی اور صابن سے ہاتھ دھو نے کی صورت میں سینیٹائز ر کی ضرورت نہیں ہوگی (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں تحفظ صارفین انجمن کے مطابق ماسک اور دستانوں کے سرکاری نرخ مقرر کردیے گئے ہیں۔ ماسک کتنے اقسام کےہیں اس کی تفصیلات بھی دی گئی ہیں۔
تحفظ صارفین انجمن کے مطابق صارفین سرکاری نرخ کے مطابق ہی ماسک اور دستانے خریدیں۔
اخبار 24 کے مطابق انجمن تحفظ صارفین نے بتایا ہے کہ ماسک دو پرت یا تین پرت والے ہوتے ہیں جبکہ N95 قسم کے بھی ماسک ہوتے ہیں۔
انجمن تحفظ صارفین نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ N95 قسم کے ماسک عام لوگوں کے لیے نہیں ہیں۔ یہ شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے عملے کے لیے ہیں۔
وزارت صحت نےبھی اعلان کیا ہے کہ مقامی شہریوں اورمقیم غیر ملکیوں کو ہر وقت ماسک استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ صرف دو صورتوں میں ماسک کا استعمال کیا جائے۔ ایک اس وقت جب کوئی شخص کھانسی یا نزلہ زکام میں مبتلا ہو یا دوسرا اس وقت جب وہ کورونا وائرس کے کسی مریض سے مل رہا ہو۔
انجمن تحفظ صارفین نے ماسک کی سرکاری قیمتوں کے حوالے سے بتایا کہ ایک ماسک کی قیمت 60 ھللہ سے ایک ریال تک ہے۔ ماسک کی نوعیت اور برانڈ کی وجہ سے قیمت میں فرق ہو گا۔
50 ملی لیٹرسینیٹائزر کی قیمت 8 ریال سے 18ریال تک مقرر کی گئی ہے۔ قیمت میں فرق دوا ساز کمپنی کے لحاظ سے ہے۔
انجمن تحفظ صارفین نے توجہ دلائی ہے کہ آپ لوگ پانی اور صابن سے ہاتھ دھو رہے ہوں تو ایسی صورت میں سینیٹائز ر کی ضرورت نہیں ہوگی۔
انجمن تحفظ صارفین نے مزید بتایا ہے کہ سعودی عرب میں فارمیسیاں ماسک ، دستانے اور سینیٹائزر ایک شخص کو زیادہ مقدار میں فروخت کرنے سے معذرت کر رہی ہیں کیونکہ کسی ایک شخص کو اتنی ہی مقدار میں یہ چیزیں دینے کی ہدایت ہے جس کی اسے ضرورت ہو تاکہ دیگر صارفین بھی اپنی ضروریات پوری کرسکیں۔