Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا اپریل میں چھٹی پر پاکستان واپس جایا جا سکتا ہے؟

’ فضائی کمپنیوں کی جانب سے ای ٹکٹنگ کے لیے بکنگ کی تاریخ یکم اپریل دی گئی ہے‘
کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی عرب سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں لوگوں کو ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔ اس صورتحال کے حوالے سے ہر ایک کی کوشش ہے کہ وہ سعودی عرب سے پاکستان جانے اور واپس آنے کے علاوہ اقامہ کے مسائل کے بارے زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل  کریں۔
سعودی عرب میں امیگریشن اور دیگر معاملات کے حوالے سے قارئین اردونیوز کو مختلف سوالات ارسال کرتے ہیں۔ اردو نیوز ان سوالات کے جوابات مقامی قانون کی رو سے دیتا ہے۔
حافظ حنظلہ کا سوال ہے کہ، سعودی عرب میں مقیم ہوں، اپریل میں چھٹی پر پاکستان جانا چاہتا ہوں، کیا میں چھٹی پر جاسکتا ہوں؟
سعودی عرب سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں کورونا نے وبائی صورت اختیار کی ہوئی ہے۔ اس وقت سعودی عرب میں بھی حکومت کی جانب سے اپیل کی جارہی ہے کہ لوگ زیادہ سے زیادہ وقت گھروں میں گزاریں اور سیر و تفریح کو بھی وقتی طور پر خیر باد کہہ دیں تاکہ اس وبائی مرض سے محفوظ رہ سکیں۔

موجودہ حالات کی وجہ سے فضائی سروس 2 ہفتوں کے لیے بند کی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

لوگوں کو وبائی مرض سے بچانے کے لیے سعودی عرب کی علماء کمیٹی نے نماز باجماعت بھی عارضی طور پر روک دی ہے۔ اس کا مقصد وبائی مرض پر قابو پانا ہے اس لیے آپ بھی احتیاط برتیں اور خیال رکھیں اگر آپ چھٹی پر جانا چاہتے ہیں تو کوئی مضائقہ نہیں، جب تک آپ کا چھٹی جانے کا پروگرام ہے امید ہے کہ اس وقت تک فضائی سروس کی بندش ختم ہو جائے گی اور حالات بہتر ہو جائیں گے۔
موجودہ حالات کی وجہ سے فضائی سروس دو ہفتوں کے لیے بند کی گئی ہے تاہم اس حوالے سے حتمی طور پر ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا جہاں تک فضائی شیڈول کے بارے میں ہے تو اداروں کی جانب سے یکم اپریل کی تاریخ ہی دی گئی ہے۔
مجید خان جتوئی کا کہنا ہے کہ فضائی ٹکٹوں کی قیمت پر کیا کوئی کنٹرول نہیں، بہت زیادہ رقم لی جاتی ہے؟
انٹرنیشنل ایاٹا قانون کے تحت فضائی سروس کے ٹکٹوں کی قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے اور کرایوں کے تعین کے لیے فضائی کمپنی کا اپنا اصول ہے۔

تمام فضائی کمپنیوں کی جانب سے ای ٹکٹنگ کے لیے بکنگ کی تاریخ یکم اپریل دی گئی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

جب سے ’ای ٹکٹنگ‘ کا آغاز ہوا ہے کہ معاملات کافی مختلف ہو گئے ہیں، جب  طلب میں اضافہ ہوتا ہے تو کمپنیاں بھی نرخوں میں اضافہ کر دیتی ہیں اور جب طلب میں کمی ہوتی ہے تو نرخ بھی گرجاتے ہیں۔
ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ ٹکٹ سفر سے پہلے خرید لیں۔ ٹکٹ خریدنے سے قبل کافی دن تک  آن لائن نرخوں کاجائزہ بھی لیتے رہیں کیونکہ ریٹ کم زیادہ ہوتے رہتے ہیں۔
سبط الحسن شاہ پوچھتے ہیں کہ، سعودی عرب کی فضائی حدود کب تک کھل جائیں گی؟
جواب۔ ابھی تک کی معلومات کے مطابق تمام فضائی کمپنیوں کی جانب سے ای ٹکٹنگ کے لیے بکنگ کی تاریخ یکم اپریل دی گئی ہے تاہم یہ  بھی حالات پر منحصر ہے۔ فی الحال 31 مارچ تک سعودی عرب آنے اور یہاں سے جانے کے لیے تمام فضائی ٹریفک عارضی طور پر بند ہے۔ اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ صرف سعودی عرب ہی نہیں دنیا کے بیشتر ممالک ان دنوں ان ہی حالات سے گزر رہے ہیں۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: