قارئین اردونیوز کی جانب سے سعودی عرب آمد ورفت کے حوالے سے مختلف موضوعات پرسوالات کا سلسلہ جاری ہے۔ بیشتر افراد کی جانب سے جو سوالات موصول ہورہے ہیں وہ موجودہ حالات کے بارے میں ہیں جن میں دریافت کیا جارہا ہے کہ وہ ان حالات میں کب تک اور کس طرح سعودی عرب آسکتے ہیں۔
عبدالخالق صاحب کا پوچھنا ہے کہ جدہ سے پاکستان کے لیے ٹکٹ نہیں مل رہے، اس بارے میں رہنمائی کریں؟
جواب: سعودی عرب سمیت متعدد ممالک نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بیرون مملکت فضائی سروسز پر پابندی عائد کی گئی ہے اسی طرح پاکستان میں بھی پروازوں کی آمدورفت محدود کر دی گئی ہے۔ آپ نے سوال میں یہ بات واضح نہیں کی کہ آپ عمرہ زائر ہیں یا اقامہ پر مملکت میں مقیم ہیں۔
اطلاعات کے مطابق فضائی سروسز پر پابندی عارضی طور پر عائد کی گئی ہے جو حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ہے اس حوالےسے توقع ہے کہ یکم اپریل سے فضائی سروسز بحال ہوجائیں گی۔
تاہم جہاں تک فضائی ٹکٹوں کے حوالے سے آپ کا سوال ہے تو ایئرلائنز کی جانب سے فراہم کی جانے والی آن لائن بکنگ کی سہولت یکم اپریل سے باقاعدہ ’شو‘ ہوں گی۔ یکم اپریل سے قبل آن لائن بکنگ دستیاب نہیں ہے۔
اس حوالے سے ریاض میں متعین پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ ’پاکستان کےلیے سعودی حکام سے خصوصی طور پرمزید دو ہفتے کی اضافی مہلت حاصل کر لی گئی ہے جس کے مطابق مملکت میں رہنے والے اقامہ ہولڈر بھی وطن جاسکتے ہیں۔‘