کرونا: احتیاطی تدابیر کب تک جاری رہیں گی؟
وائرس ان ممالک میں زیادہ ہے جہاں بچاﺅ کی تدابیر نہیں کی گئیں۔ (فوٹو: اخبار 24)
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ نئے کورونا وائرس (covid 19) سے بچاﺅ کے لیے کی جانے والی احتیاطی تدبیر کب ختم ہوں گی اس کی تاریخ ابھی تک متعین نہیں کی جا سکتی۔
کسی تاریخ کا تعین بے حد مشکل کام ہے۔ کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے جب ان کی ضرورت ختم ہوگی پہلی فرصت میں انہیں اٹھائے جانے کا اعلان کردیا جائے گا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر صحت نے پریس کانفرنس میں یہ بھی بتایا کہ کورونا وائرس عالمی وبا ہے۔ اس کا خاتمہ کب ہوگا اس سلسلے میں توقعات سے کام نہیں لیا جاسکتا۔
ہمارا خیال ہے کہ یہ وائرس ان ممالک میں زیادہ پھیل رہا ہے جہاں اس سے بچاﺅ کی تدابیر نہیں کی گئیں۔
الربیعہ نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کی نگراں کمیٹی احتیاطی تدابیر کا انتہائی پابندی سے جائزہ لے رہی ہے۔ وہی طے کرے گی کہ احتیاطی تدابیر کب تک جاری رہیں گی اور کب انہیں اٹھایا جائے گا۔
یاد رہے کہ الربیعہ سے پریس کانفرنس میں موجود نامہ نگاروں نے یہ استفسار بار بار کیا تھا کہ کورونا وائرس سے بچاﺅ کی احتیاطی تدابیر کا سلسلہ کب ختم ہوگا؟
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں