کورونا کا خدشہ، حرمین سے قالین ہٹالیے گئے
حرمین شریفین کو کورونا سے پاک رکھنے کے لیے قالین ہٹانے کا فیصلہ ہوا ہے ( فوٹو: ٹوئٹر)
کورونا وائرس کے خدشے کے باعث حرمین شریفین میں تمام قالین ہٹا لیے گیے ہیں۔
یہ اقدام حرمین شریفین کو کورونا وائرس سے پاک رکھنے کے لیے احتیاطی طور پر کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حرمین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کرونا وائرس کے انسداد کے حوالے سے حرمین میں اب تک کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا‘۔
اجلاس میں یہ بات محسوس کی گئی کہ قالین کرونا وائرس کی منتقلی کا ذریعہ ہوسکتے ہیں لہذا فیصلہ ہوا کہ حرمین شریفین کے تمام حصوں سے قالین ہٹا لیے جائیں۔
اجلاس نے کہا ہے کہ ’فرش دھونا اور اس پر جراثیم کش ادویہ استعمال کرنا آسان ہے، قالین کے مقابلے میں فرش کی صفائی زیادہ یقینی ہوسکتی ہے‘۔
اجلاس نے کہا ہے کہ ’انتظامیہ کے سربراہ نے کورونا وائرس کے انسداد کی کوششوں کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر فیصلے پر عملدرآمد کرنے کی تاکید کی ہے‘۔