کارگو سیکشن میں حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی سول ایوی ایشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے فضائی کارگومیں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں۔ تمام معاملات حسب معمول جاری ہیں۔ ایئرپورٹ پر آنے والے تمام سامان کی بہتر طور پر نگرانی کے بعد انہیں پاس کیا جاتا ہے۔
فضائی کارگو سیکشن میں جراثیم کش ادویات کے سپرے کا عمل جاری ہے۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق نئے کورونا وائرس کے حوالے سے سول ایوی ایشن کی جانب سے وضاحتی بیان میں یقین دہانی کی گئی ہے کہ ’کارگو سیکشن میں طبی اصولوں کے مطابق تمام تراحتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں‘۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’نئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تمام کارگو سروسز کوہدایت کی گئی ہے کہ سول ایوی ایشن اور وزارت صحت کی ہدایات پر مکمل طور پرعمل کریں تاکہ وبائی مرض پر جلد سے جلد اور بہتر انداز میں قابو پایا جاسکے‘۔
حفاظتی اقدامات کے تحت سول ایوی ایشن نے تمام ہوائی اڈوں پر جہاں فضائی کارگو سروس کی سہولت فراہم کی جاتی ہے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ہوائی اڈے کے تمام شعبوں میں جراثیم کش ادویات کا سپرے کیا ہے۔علاوہ ازیں ہوائی اڈوں پر کام کرنے والوں اور کارگو سیکشن میں آنے والوں کی مستقل بنیادوں پرسکینگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ کارگو سیکشن کے ڈیپارچر لاؤنچ میں خصوصی ٹیمیں متعین ہیں جہاں سے طبی اصولوں کے مطابق سامان کی سکیننگ کرنے کے بعد این او سی جاری کیا جاتا ہے۔
ادارہ شہری ہوابازی کی جانب سے فضائی کارگو سروسز سے منسلک تمام کمپنیوں اور اداروں کوبھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ نئے کورونا وائرس کے حوالے سے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کارکنوں کوبھی طبی ماسک اور دیگر لوازمات فراہم کریں۔