Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واپس نہ جانے والے عمرہ زائرین کے لیے بڑی سہولت کا اعلان

متعلقہ ادارے عمرہ زائر کووطن واپسی کی سہولت فراہم کریں گے (فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزارت حج وعمرہ نے کورونا وائرس کے باعث رک جانے والےعمرہ زائرین جن کے ویزے کی مدت ختم ہو چکی ہے کے لیے خصوصی رعایت کا اعلان کیا ہے۔
وزارت ن ےمتعلقہ اداروں کے اشتراک سے جامع منصوبہ مرتب کیا ہے جس کے تحت ایسے عمرہ زائرین جو سفری پابندی کے باعث وقت مقررہ پر اپنے ملک نہ جاسکے ان پر عائد جرمانے معاف کر دیے جائیں گے۔
’ ایسے زائرین اپنےعمرہ ویزا کی  میعاد کی خلاف ورزی پر جرمانے اور قانونی گرفت سے بچنے کے لیے  مہلت کی درخواست دے سکتے ہیں‘۔
اخبار 24  کے مطابق وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے  کہ’ عمرہ ویزہ کی پابندی نہ کرسکنے والے زائرین 28 مارچ 2020 چار شعبان 1441ہجری تک وزارت کی ویب سائٹ پر اپنی تفصیلات درج کرائیں‘۔
’ متعلقہ ادارے عمرہ زائرین کو ان کے وطن تک سفر کی سہولت فراہم کریں گے‘۔
’ہر زائر کو سسٹم میں درج اس کے ٹیلی فون پر ایس ایم ایس بھیجا جائے گا جس پر اس کی پرواز اور سفر کی تفصیلات درج ہوں گی‘۔
وزارت حج وعمرہ نے انتباہ کیا ہے کہ اگر عمرہ زائرین نے اس مہلت سے فائدہ نہ اٹھایا تو ایسی صورت میں انہیں قانون کے مطابق انتہائی سزا دی جائے گی۔

لانچ کیے جانے والے پورٹل پر عمرہ سیزن 1441ہجری درج ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ نے وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ ’ سعودی عرب میں موجود ایسے عمرہ زائرین جو’کورونا وائرس‘ کے باعث وقت مقررہ پر اپنے ملک نہیں جاسکے انہیں چاہیے کہ وہ وزارت حج و عمرہ کی ویب سائٹ پر
  eservices.haj.gov.sa پر لاگ ان کر کے اپنی تفصیلات 28 مارچ 2020 تک اپ لوڈ کردیں تاکہ ان کا قیام قانونی ہو سکے اوروہ جرمانوں کی ادائیگی سے بچ سکیں‘

زائرین 28 مارچ  تک وزارت کی ویب سائٹ پر اپنی تفصیلات درج کرائیں (فوٹو سوشل میڈیا)

یاد رہے کہ سعودی عرب میں عمرہ زائرین کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے ویزے کی مقررہ مدت کے دوران واپس جائیں۔ تاخیر کی صورت میں انہیں جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
وزارت حج کی جانب سے اوورسٹیئرز کی رجسٹریشن کے لیے لانچ کیے جانے والے پورٹل پر عمرہ سیزن 1441 ہجری درج ہے۔ غیر ملکی عمرہ زائرین کے لیے پورٹل عربی کے علاوہ انگریزی میں بھی جاری کیا گیا ہے۔
وزارت حج کے پورٹل پرعمرہ زائر کی قومیت ، پاسپورٹ نمبر، موبائل نمبر،جس شہر سے روانگی ہونا تھی کا نام درج کر کے اپ لوڈ کرنا ہوگا۔
انہیں موجودہ حالات کے تحت خصوصی رعایت دی جائے گی اور ان پر ویزے کی خلاف ورزی کے قانون کا اطلاق نہیں ہوگا۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: