کراچی کے غلام سرور کے لیے جب عمرے کی خواہش حسرت بن گئی
کراچی کے غلام سرور کے لیے جب عمرے کی خواہش حسرت بن گئی
جمعرات 27 فروری 2020 14:44
توصیف رضی ملک -اردو نیوز، کراچی
سعودی عرب نے عارضی طور پر عمرہ زائرین کی آمد پر پابندی لگائی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کراچی کے علاقے کورنگی کے رہائشی 67 سالہ غلام سرور عرصہ دراز سے دل میں سعودی عرب میں موجود مقدس مقامات کی زیارت کا ارمان لیے بیٹھے تھے اور اس کے لیے رقم جمع کر رہے تھے، اب جب سب وسائل مہیا ہو چکے تھے تو انہیں جہاز میں بیٹھنے نہیں دیا جا رہا۔
سالوں کی کوشش کے بعد غلام سرور عمرے کے لیے وسائل اکھٹا کر پائے تھے، جب چند دن پہلے انہیں ٹریول ایجنٹ نے ویزہ اور ٹکٹ تھمایا تو ان کی خوشی کی انتہا نہ تھی۔
جمعرات کی صبح نماز فجر کی ادائیگی کے بعد کلمے کا ورد کرتے ہوئے غلام سرور اپنی بیٹی اور کم سن نواسی کے ہمراہ عمرے پر روانگی کی غرض سے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچے، ان کی فلائٹ صبح 10 بجے تھی اور وہ بروقت ایئرپورٹ پر موجود تھے مگر انہیں اس وقت انتہائی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب ائیر پورٹ حکام نے انہیں چیک ان کرنے سے روک دیا۔
انہیں الوداع کہنے آئے رشتے داروں کے لیے بھی یہ بات نہایت پریشان کن تھی، غلام سرور کے بیٹے نے جب معاملے کا پتا لگانے کی کوشش کی تو انہیں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کی وجہ سے سعودی حکام نے مخصوص ممالک سے عمرہ زائرئن کی مملکت میں آمد عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے غلام سرور کا کہنا تھا کہ انہوں نے سعودی ائیر لائن کی پرواز سے سفر کرنا تھا تاہم انہیں حکام کی جانب سے سعودی حکومت کے کسی اعلامیے کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ائیر لائن حکام سے رابطے کی بہت درخواست کرنے کے باوجود بھی ان کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی اور انہیں کچھ نہیں بتایا گیا کہ اب آگے کیا ہوگا۔
سعودی ائیر لائن کی پرواز معمول کے مطابق 10 بجے روانہ ہوگئی اور اب دوسری پرواز شام 6 بجے اڑان بھرے گی۔
غلام سرور نے جب ٹریول ایجنٹ سے رابطہ کیا تو اس نے انہیں ائیرپورٹ پہ رکنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ وہ شام والی پرواز میں جانے کی کوشش کریں۔ جس کے بعد غلام سرور اپنے اہل و عیال سمیت جناح ائیرپورٹ کے بین الاقوامی لاؤنج کے داخلی گیٹ کے عین سامنے بیٹھ گئے۔
غلام سرور کا کہنا ہے جب تک انہیں مکمل معلومات نہیں دی جاتیں وہ ائیرپورٹ سے واپس نہیں جائیں گے۔ ’مجھے تو پتا بھی نہیں کہ یہ وائرس کیا بلا ہے، یہاں آیا تو بتایا گیا کہ کسی وائرس کی وجہ سے میں عمرے پر نہیں جاسکتا۔‘
اس حوالے سے جب اردو نیوز نے ائیرپورٹ حکام سے پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں عمرہ زائرین کو چیک ان سے پہلے ہی روکنے کے احکامات ہیں، اگر انہیں ائیرلائن کی جانب سے کوئی اور احکامات موصول ہوں گے تو وہ مسافروں کو ضرور اندر آنے دیں گے۔
کورونا وائرس کے خدشے کے پیشِ نظر سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ زائرین کی آمد روکنے کے احکامات کے بعد زائرین خاصے شش و پنج کا شکار ہیں۔
کراچی کے شہری وقار خان نے اُردو نیوز کو بتایا کہ انہوں نے دو ہفتے بعد ترکی سے سعودی عرب جانا تھا لیکن اب وہ نہیں جانتے کہ آیا وہ یہ سفر کر پائیں گے یا نہیں۔
اس حوالے سے ٹریول آپریٹرز بھی مکمل معلومات دینے سے قاصر ہیں کہ آیا یہ پابندی تمام ممالک سے سعودی عرب پہنچنے والے عمرہ زائرین پر لگائی گئی ہے یا محض چند ممالک اس کی زد میں ہیں۔