پاکستان میں کورونا سے ایک اور مریض ہلاک، کل تعداد سات
دنیا بھر کے اب تک 168 ممالک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے (فائل فوٹو)
لاہور کے میو ہسپتال میں زیر علاج کورونا وائرس کا مریض ہلاک ہو گیا ہے جس کے ساتھ ملک میں کورونا سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات ہوگئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 900 سے زائد ہو گئی ہے۔
پنجاب کے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق کورونا وائرس کے ہلاک ہونے والے مریض کی عمر 57 سال اور تعلق شیخوپورہ سے تھا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے مریض کی ٹریول ہسٹری نہیں تھا۔ وہ چند روز قبل آزاد کشمیر گیا تھا۔
’گذشتہ روز انہیں ہسپتال لایا گیا، ٹیسٹ کروانے پر ان میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔‘
ترجمان کے مطابق مرحوم کی آخری رسومات کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تدفین کے لیے دی گئی گائیڈ لائن کے مطابق ادا کی جائیں گی۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی یومیہ رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد سے 28، خیبر پختونخوا سے 235، بلوچستان سے دو اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر سے 16 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ تاہم پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان سے اب تک کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
ملک بھر میں اس وقت کورونا وائرس کے 886 مریض زیر علاج ہیں۔ چھ کو علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے جبکہ ملک میں اس وبا سے متاثر ہو کر مرنے والوں کی تعداد چھ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں اب تک 168 ممالک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جن میں کل تین لاکھ 81 ہزار چار سو 99 کیسز رپورٹ اور 16 ہزار پانچ سو 57 اموات ہو چکی ہیں۔
دریں اثنا وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں کورونا کے 892 کنفرم کیسز ہیں جب کہ سات ہزار 736 مشتبہ کیسز ہیں۔ کنفرم کیسز میں پچھلے 24 کھنٹوں میں 89 جبکہ مشتبہ میں ایک ہزار 262 کا اضافہ ہوا۔
منگل کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ایک، بلوچستان 110، پنجاب 2265، اسلام آباد 15، بلوچستان 110، کے پی 38 اور سندھ میں کورونا کے 399 مریض موجود ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چھ مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں، جبکہ پانچ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دنیا کی سطح پر اعدادوشمار بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک 195 اس سے متاثر ہو چکے ہیں اور دنیا میں اس کے تین لاکھ 82 ہزار کیسز موجود ہیں۔ ایک لاکھ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کورونا کے مریضوں کی جنس کے لحاظ سے شرح بتاتے ہوئے کہا کہ مریضوں میں 37 فیصد خواتین اور باقی مرد ہیں۔
ایران سے آنے والے زائرین کو تفتان کے قرنطینہ سنٹر میں رکھا گیا اور پھر صوبوں کو بھجوایا گیا جہاں ان کے اپنے قرنطینہ سنٹرز ہیں۔ ’اس وقت ان میں چار ہزار سات 783 افراد موجود ہیں۔‘
دوسری جانب گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں داخل ہونے والے 12 ہزار تین سو ایک افراد کی سکریننگ کی گئی ہیں جن میں سے دو سو 32 میں وائرس کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
صوبہ پنجاب جہاں منگل سے لاک ڈاؤن کا اطلاق کیا گیا ہے، میں کورونا وائرس کے 265 تصدیق شدہ کیسز ہیں۔
صوبے کے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے ترجمان کے مطابق 176 زائرین میں، لاہور سے 59، ملتان سے دو، راولپنڈی سے دو، گجرات سے 12، جہلم سے تین، گوجرانوالہ سے سات، فیصل آباد سے ایک، منڈی بہاالدین سے ایک، رحیم یار خان سے ایک اور سرگودھا سے بھی ایک مریض میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں