تین صوبوں نے کورونا سے نمٹنے کے لیے فوج طلب کرنے کی استدعا کی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں مہلک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 777 ہوگئی ہے جبکہ اس کا شکار ہو کر اب تک پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایک ایک سندھ اور گلگت بلتستان جبکہ تین ہلاکتیں خیبر پختونخوا میں ہوئی ہیں۔
پاکستان میں تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس کے پیش نظر تین صوبوں کی حکومتوں نے فوج سے مدد طلب کر لی ہے جبکہ سندھ کی حکومت نے صوبے بھر میں 15 دن کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبہ سندھ میں اتوار کو 41 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کورونا کے مریضوں کی تعداد 333 ہوگئی ہے جبکہ یہاں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔
سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کو گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
پنجاب
آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں گذشتہ چند روز میں کورونا وائرس کے مریضوں میں خاصا اضافہ ہوا ہے اور سندھ کے بعد باقی صوبوں کے مقابلے میں پنجاب اس وائرس سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں اتوار کو 70 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرین کی کُل تعداد 222 تک پہنچ گئی ہے، تاہم پنجاب سے ابھی تک کسی ہلاکت کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔
بلوچستان
اتوار کو بلوچستان میں کورونا وائرس کے چار نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مریضوں کی تعداد 108 ہے اور یہاں بھی تاحال اس وائرس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔
خیبر پختونخوا
خیبر پختونخوا میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 31 ہے جو باقی صوبوں کے مقابلے میں زیادہ تو نہیں ہے لیکن اس صوبے میں اس وائرس کی وجہ سے اب تک تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اسلام آباد اور گلگت بلتستان
محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کے مطابق گلگت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 71 ہوگئی ہے۔ اور اسی طرح فیڈرل ایریاز میں 11 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک شخص میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان علاقوں میں بھی کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔
کورونا وائرس دنیا کے 169 ممالک میں پھیل چکا ہے اور اس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ 13 ہزار کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور یہ سلسلہ ابھی رکتا نظر نہیں آتا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اتوار کو عالمی ادارہ صحت اور دیگر مصدقہ ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات اور اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار 895 ہے، جبکہ تین لاکھ 97 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔