Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا چین نے ماسک صرف سندھ کو بھیجے؟

چین نے سندھ حکومت کو 5 لاکھ این 95 ماسک دیے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
حکومت سندھ نے چین کی جانب سے ملنے والے پانچ لاکھ این 95 ماسکس میں سے آدھے سے زائد دیگر صوبوں کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وفاقی حکومت کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گِل نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ماسکس پورے پاکستان کے لیے آئے ہیں۔
وزیر اعلٰی سندھ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر چین سے آنے والے فیس ماسک چاروں صوبوں، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بھی تقسیم کیے جائیں گے۔'
ان کا کہنا تھا کہ 'ہم نے محسوس کیا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ صرف سندھ تک محدود نہیں ہے، یہ ایک مشکل وقت ہے جس سے ہم اسی صورت میں نبردآزما ہو سکتے ہیں جب مشترکہ جدوجہد کریں۔'

 

یاد رہے کہ چین کی جانب سے 5 لاکھ این 95 ماسکس اور 10 ہزار ٹیسٹنگ کٹس کا عطیہ لے کر خصوصی جہاز بدھ کی صبح کراچی پہنچا تھا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی ایئرپورٹ پر خود یہ عطیات وصول کیے تھے۔
تاہم چین کی طرف سے دیا جانے والا یہ تحفہ اس وقت تنازع بن گیا جب وفاقی حکومت کے ترجمان شہباز گِل نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی مرتضیٰ وہاب کی ٹویٹ کے جواب میں ان پر 'افسوس ناک' حرکت کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ 'سندھ حکومت نے پورے ملک کے لیے آنے والے تحفے کو ہتھیانے کی کوشش کی ہے۔'
دوسری جانب وفاقی حکومت کے ترجمان شہباز گِل نے موقف اختیار کیا کہ 'چینی کمپنی علی بابا کے مالک جیک ما کی جانب سے عطیے کے طور پہ دیے گئے 5 لاکھ ماسکس میں سے سندھ کا حصہ محض 50 ہزار ہے۔'
اس الزام کی تردید کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 'ان کے پاس چین کے سفیر کی جانب سے لکھا گیا مراسلہ موجود ہے جس میں واضح طور پہ کہا گیا ہے کہ یہ ماسکس حکومت سندھ کو بطور عطیہ دیے گئے ہیں۔'
اس سے قبل بدھ کی شام کورونا وائرس کے خلاف قائم ٹاسک فورس کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے 290 وینٹی لیٹرز، 32 لاکھ پرسنل پروٹیکٹیو ایکوئپمنٹ (پی پی ای) اور 29 پورٹیبل ایکسرے مشینیں خریدے کی منظوری دی۔
 اجلاس میں چین سے 100 ریپڈ کٹ اینٹیجن ٹیسٹ مشینیں اور اُن کی ایک لاکھ کٹس خریدنے کا آرڈر دینے کی منظوری بھی دی گئی، یہ مشینیں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرتی ہیں۔
مراد علی شاہ نے آر ٹی لیمپ ٹیسٹنگ مشین اور ان کی 10 ہزار کٹس خریدنے  کی منظوری بھی دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے اجلاس میں متعدد آلات خریدنے کی منظوری بھی دی (فوٹو: اے پی پی)

اجلاس میں صوبائی وزرا، مشیر، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ڈبلیو ایچ او، کور 5، رینجرز، ایئرپورٹ سکیورٹی فورس، ایف آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نمائندے بھی شریک تھے۔ اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ سندھ میں اب تک کورونا وائرس کے 413 مثبت کیسز آئے ہیں۔
متاثرہ افراد کی تفصیل بتاتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 413 کیسز میں سے 265 زائرین اور 148 دیگر افراد ہیں۔ سندھ میں کُل چار ہزار 150 نمونے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے تین ہزار 425 منفی، 413 مثبت جبکہ 465 کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔ اس کے علاوہ سندھ میں کورونا وائرس کی مقامی منتقلی کے کُل 94 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

شیئر: