Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر تعلیم سندھ بھی کورونا کا شکار، کل مریض 875

پاکستان کے صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 803  ہوگئی جبکہ چھ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
سعید غنی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ ’گذشتہ روز میں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’تاحال جو علامات اس وائرس کے بتائے جاتے ہیں ان میں سے مجھے کچھ محسوس نہیں ہورہا اور میں خود کو بالکل صحتمند محسوس کررہا ہوں اور اپنی ذمہ داریاں گھر پر آئسولیشن میں رہ کر ادا کررہا ہوں۔‘

 

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ہر نئے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے اور پیر کے روز سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مریضوں کی کُل تعداد 875 ہو چکی ہے، جبکہ چھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں پچھلے چوبیس گھنٹوں میں تین ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

سندھ

 پیر کے روز سندھ میں 21  نئے کیسز کے سامنے آ نے کے بعد اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 394 ہو گئی ہے۔
سندھ میں پیر کو سات کیسز کراچی میں، دادو میں ایک اور سکھر کے زائرین میں سے 11 میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ دادو سے تعلق رکھنے والا مریض گذشہ ہفتے ایران سے واپس آیا تھا۔
سندھ حکومت نے  کورونا سے نمنٹنے کے لیے اتوار رات 12  بجے سے پورے صوبے میں لاک ڈاؤن شروع کیا ہے۔

پنجاب

آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں گذشتہ چند روز میں کورونا وائرس کے مریضوں میں خاصا اضافہ ہوا ہے اور سندھ کے بعد باقی صوبوں کے مقابلے میں پنجاب اس وائرس سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
پنجاب میں متاثرین کی کُل تعداد 246 تک پہنچ گئی ہے، تاہم پنجاب سے ابھی تک کسی ہلاکت کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔

بلوچستان

 بلوچستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 110 ہے۔ بلوچستان میں کورونا سے ایک مریض کی ہلاکت ہوئی ہے۔ اتوار کو بلوچستان میں کورونا سے پہلی ہلاکت ہوئی تھی اور ایک زیر علاج مریض دم توڑ گیا تھا۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق 65 سالہ مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد تفتان سے کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا اور اتوار کو تشویش ناک حالت میں اسے شیخ زید ہسپتال سے فاطمہ جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تھا ۔

پنجاب میں کورونا کے متاثرین کی کُل تعداد 222 تک پہنچ گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

 

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 38 ہے جو باقی صوبوں کے مقابلے میں زیادہ تو نہیں ہے لیکن اس صوبے میں اس وائرس کی وجہ سے اب تک تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

بلوچستان میں کورونا سے ایک مریض ہلاک ہو چکا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اسلام آباد اور گلگت بلتستان

پیر کو اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں تبلیغی جماعت کے پانچ افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جس کے بعد فیڈرل ایریاز میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سترہ ہو گئی ہے۔
محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کے مطابق گلگت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 71  ہے۔ اور اسی طرح  پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک شخص میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان علاقوں میں بھی کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔
کورونا وائرس دنیا کے 169 ممالک میں پھیل چکا ہے اور اس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ ساڑھے 15  ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور یہ سلسلہ ابھی رکتا نظر نہیں آتا۔

شیئر: