پرینیتی یا دیپکا، اپنی بائیوپک کے لیے ثانیہ کی پِک کون؟
ثانیہ مرزا نے بتایا کہ انہیں کئی بار کہا گیا ہے کہ وہ اداکاری کی طرف آئیں۔ فوٹو: انسٹاگرام
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی بیوی اور انڈیا کی ٹینس سپر سٹار ثانیہ مرزا چاہتی ہیں کہ ان کی زندگی پر مبنی فلم یعنی بائیوپک میں پرینیتی چوپڑا، عالیہ بھٹ، دیپیکا پادوکون، انوشکا شرما یا سارا علی خان میں سے کوئی ایک اداکارہ مرکزی کردار ادا کرے۔
انڈین جریدے پنک ولا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں گرینڈ سلیم جیتنے والی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ وہ سب سے پہلے چاہیں گی کہ ان کی دوست پرینیتی چوپڑا فلم میں ان کا کردار ادا کریں۔
تاہم پرینیتی چوپڑا پہلے ہی سے بیڈمنٹن کھلاڑی ثانیہ نہوال پر مبنی فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کے بعد ثانیہ مرزا نے کہا کہ وہ عالیہ بھٹ، دیپیکا پادوکون، انوشکا شرما یا سارا علی خان کو فلم میں ان کا کردار ادا کرتے دیکھنا چاہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال وہ اپنی بائیوپک کے لیے ایک ہدایتکار کو تلاش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ عرصے سے ثانیہ مرزا کی زندگی پر مبنی فلم کی باتیں گردش کر رہی تھیں۔ انہوں نے اب اس بارے میں خود بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اپنی بائیوپک کے لیے انہوں نے فلم ساز رونی سکریووالا کو اختیارات دیے ہیں۔
فلموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ثانیہ مرزا نے یہ بھی بتایا کہ انہیں کئی بار کہا گیا ہے کہ وہ اداکاری کی طرف آئیں۔ تاہم انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ آفر کبھی نہیں لی کیونکہ انہیں لگتا ہیں ان میں اداکاری کی صلاحیت نہیں۔
ثانیہ مرزا پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ہیں اور دونوں کا ایک بیٹا ہے۔