Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یہ شخص برصغیر سے ہوتا تو ’جورو کا غلام‘ کہلاتا: ثانیہ مرزا

ثانیہ مرزا کی ٹویٹ پر سوشل میڈیا صارفین بھی تبصرے کررہے ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل سٹارک اپنی اہلیہ الیسا ہیلی کی ویمن ورلڈکپ فائنل میں حوصلہ افزائی کے لیے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ چھوڑ کر میلبورن پہنچے ہیں۔
آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی جانب سے سٹارک کو اہلیہ کا میچ دیکھنے کی جانے اجازت ملنے پر انڈیا کی معروف ٹینس سٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔
انہوں نے کھیلوں سے متعلق نیوز ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کی ٹویٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’خدانخواستہ اگر مچل برصغیر سے تعلق رکھتے تو انہیں ایک سیکنڈ میں ’جورو کا غلام‘ قرار دے دیا جاتا۔ مچل آپ نے بہترین کام کیا! کسی بھی شادی شدہ جوڑے کے لیے یہ ایک مثال ہے۔‘
آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل سٹراک کی اہلیہ الیسا ہیلی نیشنل آسٹریلوی ویمن کرکٹ ٹیم کی مایہ ناز کھلاڑی ہیں اور وہ اتوار کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈیا کے خلاف کینگروز کی نمائندگی کریں گی۔

مچلسٹارک کو اس میگا ایونٹ پر اپنی اہلیہ کی حوصلہ افزائی کے لیے جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں نمائندگی نہ کر نے کی اجازت دی گئی جس کے بعد وہ جمعہ کو جنوبی افریقہ سے آسٹریلیا کے لیے روانہ ہوگئے تھے۔
ثانیہ مرزا کے شوہر شعیب ملک کو اکثر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے کہ ان کا جھکاؤ اپنے سسرال کی طرف کچھ زیادہ ہی ہے۔
دو سال قبل جب ان کے یہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی تو شعیب ملک نے ثانیہ مرزا اور اپنے سسرالیوں کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی تھی جس پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے انہیں ’جورو کا غلام‘ کہہ دیا تھا۔
ثانیہ مرزا کی حالیہ ٹویٹ پر بھی سوشل میڈیا صارفین تبصرے کرنے سے باز نہ رہے۔

منیبہ ظفر نامی صارف نے لکھا کہ ’بھابھی! شعیب ملک بھی آپ کے لیے ضرور آئیں گے۔‘
 

سید لیاقت نامی صارف نے ثانیہ مرزا کی ٹویٹ سے اختلاف کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرا نہیں خیال کہ کوئی اسے جورو کا غلام کہتا کیونکہ یہ زندگی کا سب سے بڑا موقع ہوتا ہے اور ہر کوئی ایسے موقع پر اپنے شریک حیات کے ساتھ ہونا چاہتا ہے۔ برصغیر کے لوگوں کو اتنی حقارت سے مت دیکھیں۔

ایک اور صارف ماجد نیاز نے لکھا کہ ’میرا خیال ہے کہ آپ شعیب ملک سے شکوہ کر رہی ہیں لیکن بھابھی آپ بھی شعیب ملک کی بیٹنگ دیکھنے پاکستان آ سکتی ہیں اور یہ ثابت کرسکتی ہیں کہ آپ بھی برصغیر کی ایک عظیم خاتون ہیں۔‘

فرحان خان نامی ٹوئٹر صارف نے بظاہر طنز کیا کہ ’دل کا درد باہر آ ہی گیا۔‘

شیئر: