Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا انٹرنیٹ سپیڈ میں عالمی سطح پر دسواں نمبر

ڈیجیٹل انفراسٹریکچر میں سعودی عرب کا دنیا میں خاص مقام ہے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب نے گذشتہ تین سال میں انٹرنیٹ کی دنیا میں بہت تیزی سے ترقی کی اور دنیا بھر میں 105ویں پوزیشن سے دسویں نمبر پر آگیا ہے۔
سعودی گزٹ کے مطابق ایس ٹی سی گروپ کے سی ای او انجینیئر ناصر الناصر نے سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کو بتایا ہے کہ سعودی عرب میں انٹرنیٹ کی سپیڈ میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔

آن لائن کاروبار اور دیگر تفریحی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے(فوٹو عرب نیوز)

انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی سپیڈ کا جائزہ لیا جائے تو سعودی عرب میں گذشتہ تین سال کے دوران 2016 سے 2019 کے آخر تک انٹرنیٹ کی رفتار سات گنا بڑھ چکی ہے۔
انجینیئر ناصر نے بتایا کہ سعودی عرب نے خاص طور پر ڈیجیٹل انفراسٹریکچر میں دنیا میں خاص مقام حاصل کرلیا ہے۔

گذشتہ تین سال میں انٹرنیٹ کی دنیا میں بہت تیزی سے ترقی کی(فوٹو ٹوئٹر)

مواصلات کے شعبے میں چوتھی اور پانچویں نسل کے لیے جدید ترین فائبر آپٹیک سروس موجود ہے اور یہ سب چند سالوں میں اعلی قیادت کے ویژن کی مرہون منت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت ، آن لائن تعلیمی نظام، دوردراز علاقوں میں آن لائن خدمات اور گھریلو تفریحی سرگرمیوں میں تمام مواصلاتی کمپنیاں انٹرنیٹ کی تیز ترین رفتار کی خدمت پیش کر رہی ہیں۔

صحت اور تعلیم کی سہولتوں کے لیے تیز ترین سروس پیش کی جا رہی ہے(فوٹو ٹوئٹر)

تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ضرورت کے اضافہ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس ٹی سی نیٹ ورک کی جانب سے اس وقت اضافی رفتار مفت دستیاب ہے۔
آن لائن تعلیم کی طلب میں ہزار گنا اضافہ ہوا ہے جبکہ صحت کے شعبے میں 200 فیصد اور اسی طرح ڈیجیٹل گیمز اور تفریحی سرگرمیوں میں بھی 300 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔
آن لائن ٹی وی نشریات کے ناظرین میں بھی 132 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دریں اثناء مختلف شعبوں میں آن لائن سروسز میں اضافہ کی شرح 1128 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے جو اپنی خدمات اپریل 2020 تک عارضی طور پر معطل رکھنا چاہتے ہیں ان کے لیے ایس ٹی سی گروپ ایس ایم ای سروس فیس نہیں لے گا۔
  • سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: