شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا-(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں جدہ سمیت کئی علاقوں میں گردو غبار کے طوفان نے حد نظر محدود کردی-
جدہ شہر میں بھی صبح سے گردو غبار کا طوفان چھایا رہا- کھلے علاقوں میں گردوغبار سے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق نئے کورونا وائرس سے بچاؤکے لیے احتیاطی تدبیر کے طور پر زیادہ تر شہری اور مقیم غیر ملکی گھروں میں ہیں تاہم شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو کی پابندی کے باعث ضرورت کا سامان خریدنے کے لیے تجارتی مراکزاور سبزی و پھل منڈی آنا جانا رہا-
عمارتوں کے سامنے کھڑی گاڑیوں پر غبار کی تہ جم گئی ہے-
گردو غبار کا سلسلہ تبوک’ الجوف ’ حدود شمالیہ’ حائل ’ قصیم’ الشرقیہ’ مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ تک پھیل گیا-
وزارت تعلیم نے آن لائن تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو گردو غبار سے بچنے کے لیے آن لائن 5 مشورے دیے-
طلبہ سے کہا گیا کہ وہ آن لائن کلاس کے دوران صحت طریقے سے بیٹھیں ٹی وی کے ساتھ معقول فاصلے پر رہیں- کم از کم ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ ضرور رکھیں-
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض جمعہ کو گردو غبار کے حصار میں رہا-ماہر موسمیات ابو عبدالرحمن الحربش نے توقع ظاہر کی ہے کہ ’آئندہ ایام کے دوران ریاض سمیت مملکت کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوگی‘-
’پیر تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا- بارش جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب کسی بھی وقت شروع ہوسکتی ہے‘-
محکمہ موسمیات نےمقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ ’گھروں میں بند رہیں ضرورت کے تحت ہی باہر نکلیں- جب بھی نکلیں ناک کو اچھی طرح سے ڈھک لیں‘-
’غبار سے بچانے والے چشموں کا استعمال کریں اینٹی الرجی ادویہ کا ا ستعمال بھی کریں‘-
بوڑھوں اور بچوں کو باہر نہ جانے دیں اگر الرجی کی علامات ظاہر ہوں تو پہلی فرصت میں ڈاکٹر سے رجوع کریں اور گاڑی حد سے زیادہ رفتار سے چلانے سے گریز کریں-