Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو والا سینیٹائزر چور گوادر سے گرفتار

سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز شیئر ہوئی ہے جن میں لوگوں کو اے ٹی ایم سے سینیٹائزر چوری کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے سامنے آنے والی صورتحال نے پاکستانی معاشرے کے بہت سے منفی اور مثبت پہلوؤں کو عیاں کیا ہے۔
صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں پولیس نے ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو بینک کے اے ٹی ایم بوتھ سے سینیٹائزر چوری کرنے میں ملوث تھا۔
کوئٹہ سے اردو نیوز کے نامہ نگار زین الدین احمد کے مطابق گوادر میں سرکاری بینک کے اے ٹی ایم سے ہینڈ سینیٹائزر چوری کرنے والے شہری کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ اس شخص کی سینیٹائزر چوری کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

 

گوادر تھانے کے ایس ایچ او سب انسپکٹر طلال نے اردو نیوز کو بتایا کہ ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کرکے رات گئے حراست میں لیا گیا۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کے ساتھ ہی ماسک اور سینیٹائزر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ بھی دیکھا گیا۔ لوگوں نے ماسک اور سینیٹائزر ناجائز منافع کمانے کے لیے مبینہ طور پر ذخیرہ بھی کیے۔
سوشل میڈیا  پر کئی ایسی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں شہریوں کو بینکوں کے اے ٹی ایمز بوتھ میں صارفین کے لیے رکھے گئے سینیٹائزرز چوری کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
گوادر تھانے کے ایس ایچ او کے مطابق سینیٹائزر کی چوری میں ملوث جس شخص کو گرفتار کیا گیا ہے وہ بڑے کاروباری خاندان سے تعلق رکھتا ہے۔ ’مقدمہ درج نہیں کر رہے، تنبیہ اور جرمانے کے بعد چھوڑ دیں گے۔‘
بلال احمد ملک نامی صارف نے ایک ویڈیوز فیس بک پر شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص بینک کے اے ٹی ایم سے سینیٹائزر چوری کر رہا ہے۔
اس طرح ’ہمارا کوئٹہ ڈاٹ کام‘ نامی پیچ پر بھی ایک ویڈیو شیئر ہوئی ہے جس میں ایک شہری بینک کے اے ٹی ایم سے ہینڈ سینیٹائزر چوری کر رہا ہے۔
پیج ایڈمن کے مطابق جس اے ٹی ایم سے چوری ہو رہی ہے وہ نیشنل بینک گوادر کا اے ٹی ایم ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بظاہر سینیٹائزر چوری کرنے والا شخص کوئی غریب نہیں بلکہ گاڑی سے اتر کر اے ٹی ایم آتا ہے اور سینیٹائزر استعمال کرنے کے بعد اسے جیب میں ڈال کر وہاں سے نکل جاتا ہے۔
ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے صارفین اس شخص کی حرکت کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ صباون شاہ نامی صارف نے لکھا ہے کہ ’شرم تم کو مگر نہیں آئی۔‘
ذبیح اللہ مینگل نامی صارف نے لکھا ہے کہ ’ان جیسوں کی وجہ سے دوسرے لوگ بھی بدنام ہوتے ہیں۔‘اسی طرح کی ایک اور ویڈیو رائل سن نیوز نامی ہینڈل سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ہے جس میں ایک شخص کو بینک اے ٹی ایم سے سینیٹائزر چراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
بلوچ کامریڈ نامی صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کیا ہے کہ ’سر شرم سے جھکا دیا۔‘
 

شیئر: