Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کورونا کے 1566 مریض، چار مزید ہلاکتیں

پاکستان میں اب تک کورونا کے 25 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
کورونا وائرس سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایبٹ آباد اور گلگت بلتستان میں ایک ایک جبکہ کراچی میں مزید دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد پاکستان میں اس وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 121 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس وقت پاکستان بھر میں کورونا کے 13 ہزار 324 مشتبہ کیسز ہیں۔ ان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 1106 مشتبہ کیسز رجسٹر ہوئے ہیں۔ 

پاکستان میں کورونا کیسز کی صورتحال

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار 566 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں اب تک کورونا وائرس  سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ پنجاب  ہے جہاں اس وائرس کے مریضوں کی تعداد 558  ہو چکی ہے۔
صوبہ سندھ  میں 502 جب کہ خیبر پختونخوا میں اب تک 188 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اب تک ملک میں بھر میں کورونا کے 28 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا وائرس  کے 128، بلوچستان میں 141، اسلام آباد 43 جب کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا وائرس کے چھ مریض سامنے آئے ہیں۔

اسلام آباد میں دو ڈاکٹروں میں کورونا کی تصدیق

ادھر اسلام آباد کے پولی کلینک میں دو ڈاکٹرز میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد 28 ڈاکٹرز کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ 
اس سے قبل پولی کلینک کے ڈاکٹرز ہاسٹل میں رہائشی ڈاکٹر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ہاسٹل سیل کر دیا گیا تھا۔​

سندھ میں مزید دو ہلاکتیں

دوسری طرف وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو نے کہا ہے کہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب دو افراد کی موت ہوئی جن کے کورونا وائرس کے شکار ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
صوبائی وزیرِ صحت کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کو دونوں افراد کے سیمپل ان کی وفات کے بعد موصول ہوئے، جن کے ٹیسٹ کا نتیجہ اتوار کو مثبت آیا۔
ہلاک ہونے والے دونوں افراد میں میں نمونیہ اور کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
ڈاکٹر عذرا نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد کی عمریں 83 اور 70 سال ہیں۔

اب تک پاکستان میں بھر میں کورونا کے 28 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد چھ ہو گئی۔
اس سے قبل بیرون ملک سے آنیوالے دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ نئے دو مریضوں کا تعلق ضلع بھمبر اور دو کا ضلع میرپور سے ہے۔
میرپور میں بیرون ملک سے آنیوالے متاثرہ شخص کے والدین میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے ان افراد کو قرطینہ میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ بھمبر سے تعلق رکھنے والے دو مریض ایک ہفتے قبل شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے لالہ موسی گئے تھے ان افراد کو بھی قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
چاروں مریضوں کے علاقوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔
پاکستان میں پنجاب میں پانچ، خیبر پختونخوا میں چار جب کہ سندھ  میں تین، بلوچستان میں ایک اور گلگت بلتستان میں دو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گلگت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال پر مامور ڈاکٹر بھی ہلاک ہونے والے افراد میں شامل ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے اب تک 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

خیال رہے پاکستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی پہلی ہلاکت مردان کی یونین کونسل منگا میں رپورٹ کی گئی تھی۔ اب اسی علاقے سے منتخب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی بھی کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے ہیں۔ سنیچر کو انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں اس بات کی تصدیق کی کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
یہ پاکستان میں کسی پارلیمینٹیرین کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل سندھ سے پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے جس کے بعد وہ قرنطینہ میں ہیں۔

شیئر: