Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاک ڈاؤن میں خود کو بوریت سے کیسے بچائیں؟

نئی ڈشیں بنائیں، خود بھی کھائیں اور گھر والوں کو بھی کھلائیں۔ فوٹو انسپلیش
کورونا وائرس کی وبا نے دنیا بھر کو لپیٹ میں لے رکھا ہے، احتیاطی تدابیر کے تحت پاکستان بھر میں تعلیمی ادارے ، سیاحتی مقامات، شاپنگ مال اور ریسٹورنٹس بند ہیں، کنسرٹ ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ سینما اور تھیٹر میں شو اور کھیلوں کے پروگرام منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ جان لیوا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے صرف اور صرف ایک ہی حل ہے اور وہ ہے گھروں میں رہنا۔
لاک ڈاؤن کے باعث تمام شہری گھروں میں وقت گزار رہے ہیں لیکن بڑے چھوٹے سب ہی بوریت کی شکایات کرتے نظر آتے ہیں کہ آخر گھر بیٹھ کر کیا کریں۔ تو جناب گھبرائیں نہیں ہم آپ کو چند ایسی تجاویز دینے والے ہیں جن سے لاک ڈاؤن اور قرنطینہ کے دوران آپ کا وقت اچھا گزرے گا اور آپ کوئی ایسا پیداواری کام کر لیں گے جو مستقبل میں کام آئے گا۔
1۔ سب سے اہم ہے جسمانی اور دماغی صحت، اس لیے فارغ وقت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چہل قدمی کریں اور چھت پر یا گھر کے لان میں ہلکی پھلکی ورزش کریں یہ وقت ان لوگوں کے لیے سنہری موقع ہے جو اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہیں لیکن ہمیشہ وقت نہیں ہے کا بہانہ بنا کر جان چھڑا لیتے تھے، موبائل پر ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے بھی ورزش کی جا سکتی ہے۔
2۔ سوشل ڈسٹنسنگ کے لیے ایک دوسرے سے جسمانی طور پر دور ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے لیکن ڈیجیٹل دور میں موبائل پر ویڈیو کالنگ کا فائدہ اٹھائیں اور اپنے رشتہ داروں اور دوستوں سے دل کھول کے بات کریں جو آپ سے دور ہیں۔ گپ شپ کریں اور خوش گوار وقت گزاریں۔
3۔ واٹس ایپ اور فیس بک کے دور میں جہاں روایتی کارڈ اور خطوط کا رواج دم توڑ گیا ہے آپ دوبارہ سے اس روایت کو اپنا کر دوسروں کا دل جیت سکتے ہیں۔ والدین، بہن بھائی یا بیوی کے لیے اپنے ہاتھ سے خوبصورت کارڈ بنائیں، خط لکھیں اور کورونا سے پریشان اپنے اہل خانہ، دوستوں اور رشتہ داروں کو بھیج کر ان کا حوصلہ بڑھائیں۔

یہ مشاغل آپ کے لیے بہتر مصروفیت ہو سکتے ہیں (فوٹو سوشل میڈیا)

4۔ سوچیں اور غور کریں کہ وہ کون سے کام ہیں جو آپ ہمیشہ سے سیکھنا چاہتے ہیں۔ آن لائن پلیٹ فارم استعمال کرتے ہوئے کوئی نئی زبان سیکھیں یا کوئی نیا ہنر سیکھ لیں۔ آن لائن کلاسیں بھی لے سکتے ہیں یا موبائل ایپ بھی ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
5۔ کھانے کے شوقین افراد یوٹیوب سے دیکھ کر کوئی نئی مزیدار کھانے کی ترکیب استعمال کریں، نئی ڈش بنائیں اور مزے لے کر خود بھی کھائیں اور گھر والوں کو بھی کھلائیں۔
6۔ اپنے گھر یا کمرے کی ترتیب تبدیل کریں، گھر کی سجاوٹ میں وقت گزاریں۔ الماری میں چیزوں کی ترتیب ٹھیک کریں۔ اس دوران استعمال نہ ہونے والے کپڑے اور سامان الگ کر لیں اور مستحق افراد تک پہنچائیں۔

بوریت بھگانے کے علاوہ یہ مصروفیات صحت کے لیے بھی اچھی رہیں گی (فوٹو سوشل میڈیا)

7۔ بیوٹی بلاگرز کو فالو کریں اور نئی میک اپ لُک ٹرائی کریں تاکہ حالات نارمل ہونے کے بعد جب آپ کسی فنکشن پر جائیں تو وہی میک اپ ٹرائی کر کے خوبصورت نظر آئیں۔
8۔ اگر آپ اچھے ٹیچر ہیں یا آپ کے پاس کوئی بھی ہنر ہے تو آن لائن دوسروں کو سکھائیں تاکہ ان کا وقت بھی کسی پیداواری کام میں صرف ہو۔
9۔ پکنک کے لیے باہر تو نہیں جا سکتے، اس لیے بچوں کے لیے جوس اور بڑوں کے لیے گھر میں ٹی پارٹی رکھیں، تیار ہوں اور مل بیٹھنے کا لطف اٹھائیں۔
10۔ اپنی جلد کی حفاظت کریں، مختلف گھریلو ٹوٹکے استعمال کریں اور حسین نظر آئیں۔
11۔ یوگا اور میڈیٹیٹ کریں اور ڈھیر سارا سوئیں۔ اور سب سے اہم بات وہ یہ کہ اپنے مستقبل کے حوالے سے سوچیں اور ایک لسٹ بنائیں کہ آپ کیا کرنا چاہتے ہیں اور اپنا مقصد کیسے حاصل کریں گے۔

  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: