سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی ہنگامی حالت کی وجہ سے سفری سہولتیں نہ ہونے کے باعث وہاں پھنس کر رہ گئے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)
کورونا وائرس سے بچاؤ اور اس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پروازوں پر عائد پابندی کی وجہ سے سعودی عرب میں مقیم ان تارکین وطن کو مشکلات کا سامنا ہے جن کی ملازمت کے معاہدے پورے ہوگئے ہیں یا کسی اور وجہ سے وہ وطن واپس جانا چاہتے ہیں۔
سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی ہنگامی حالت کی وجہ سے سفری سہولتیں نہ ہونے کے باعث وہاں پھنس کر رہ گئے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ’ بعض تارکین وطن کو استثنیٰ دیتے ہوئے وطن واپس بھجوانے کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔'
وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ یہ انتظام سعودی حکومت کی انسانیت نوازپالیسی کومدنظر رکھتے ہوئے کیا جارہا ہے، سعودی حکومت چاہتی ہے کہ تارکین وطن کسی مشکل سے دوچار نہ ہوں۔
'اگر وہ موجودہ حالات میں اپنے وطن جانا چاہتے ہوں تو انہیں ان کی مرضی کے مطابق وطن واپسی کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔‘
وزارت محنت وافرادی قوت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ’ایسے غیر ملکی جن کی ملازمت کے معاہدے ختم ہوگئے ہیں انہیں پہلی فرصت میں وطن واپس جانے کا موقع فراہم کیا جائے۔'