Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنگاپور میں ’کورونا کورونا‘ کا شور کرنے والے کو قید کی سزا

جسوندر سنگھ کو غیرذمہ دارانہ حرکت اور عوام کو پریشانی میں مبتلا کرنے کا قصوروار ٹھہرایا گیا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
سنگاپور میں ایک شہری کو کورونا کورونا چلاّ کر ایئر پورٹ کے ہوٹل کے فرش پر تھوکنے کے جرم میں دو ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
سنگا پور کے اخبار سٹریٹ ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے یہ اپنی نوعیت کی پہلی سزا ہے۔
52 سالہ جسوندر سنگھ کو جمعرات کو غیر ذمہ دارانہ حرکت اور عوام کو پریشانی میں مبتلا کرنے کا قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تین مارچ 2020 کو جسوندر سنگھ کو چانگی ایئرپورٹ کے ہوٹل آزر ریستوران میں جب ایک ویٹرس نے بتایا کہ ریستوران بند ہے تو انہوں نے پہلے پلیٹ توڑی اور پھر فرش پر تھوکنا شروع کر دیا۔
اخبار کے مطابق غصے سے بھرے شہری نے اس پر ہی بس نہیں کی بلکہ فرش پر تھوکنے کے ساتھ ساتھ بلند آواز میں 'کورونا کورونا' بھی چلاتے رہے۔
جسوندر سنگھ کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دو ماہ کے علاوہ مزید 55 دن بھی گزارنا ہوں گے کیونکہ انہوں نے فروری میں جیل سے رہائی کے بعد معافی کے آردڑ کی خلاف ورزی کی ہے۔

 مارچ کو صبح 10 بجے جسوندر ریستوران پہنچے اور وہاں عملے کو بتائے بغیر خود ہی پلیٹ اٹھا کر کھانے کے لیے کچھ  ڈھونڈنے لگے (فوٹو: سوشل میڈیا)

جسوندر سنگھ کو رواں سال جنوری میں ہراسانی سمیت مختلف جرائم پر چھ ماہ اور 5 ہفتے قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
احکامات کے تحت سنگھ اس بات کے پابند تھے کہ وہ 28 فروری سے 26 اپریل تک ایسے کسی جرم کے مرتکب نہیں ہوں گے۔
حکام کے مطابق تین مارچ کو صبح 10 بجے جسوندر ریستوران پہنچے اور وہاں عملے کو بتائے بغیر خود ہی پلیٹ اٹھا کر کھانے کے لیے کچھ  ڈھونڈنے لگے۔
جب وہاں موجود ایک ویٹریس نے انہیں بتایا کہ ریستوران بند ہے تو انہوں نے جانے سے پہلے پلیٹ توڑی اور فرش پر تھوک دیا۔
جس کے بعد ہوٹل کے منیجر وکرم اوم پرکاش کاکرو نے انہیں ٹرمینل 3 سے واپس بلایا، جب وہ ہوٹل کی لابی میں پہنچے تو وکرم نے انہیں بیٹھنے کا کہا جس کے بعد انہوں نے سیکیورٹی مینیجر کو وہاں بلالیا۔

جب ایک ویٹرس نے بتایا کہ ریستوران بند ہے تو جسوندر سنگھ نے پہلے تو پلیٹ توڑی اور پھر فرش پر تھوکنا شروع کردیا (فوٹو:سوشل میڈیا)

ڈپٹی پبلک پروسیکیوٹر یوگن سنگ کا کہنا ہے کہ جب وکرم فون پر بات کر رہے تھے تو سنگھ نے یہ کہتے ہوئے ریستوران کی طرف چلنا شروع کر دیا کہ وہ مزید پلیٹیں توڑنا چاہتے ہیں۔
وکرم نے انہیں روکا اور ہوٹل کی لابی میں موجود صوفے پر بٹھادیا جس کے بعد وہ اپنی دونوں ٹانگیں میز پر رکھ کر بیٹھ گئے اور کورونا کورونا چلاتے ہوئے پھر سے زمین پر تھوکنا شروع کر دیا۔
جسوندر سنگھ کو اس غیر ذمہ دارانہ حرکت پر 6 ماہ قید اور مقامی دو ہزار 500 ڈالر کا جرمانہ کیا گیا ہے۔

شیئر: