مقامی مسلمانوں کی مساجد واپسی تک یہ نشریات جاری رہیں گی (فوٹو عرب نیوز)
برطانیہ میں رہنے والے مسلمان بی بی سی ریڈیو پر نشر ہونے والی جمعہ کی نماز کو پہلی بار سن سکتے ہیں۔
مختلف آئمہ بی بی سی کے 14 مقامی ریڈیو سٹیشنوں پر ہر ہفتے صبح 5:50 بجے کی نشریات کا آغاز کرتے ہیں اور خطبے اور سننے والوں کے لیے نماز کی امامت کرنےسے پہلے قرآن مجید کی آیات کی تلاوت یا احادیث بیان کرتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق بی بی سی کے ان 14 مقامی ریڈیو سٹیشنوں کے سامعین برطانیہ کے ان حصوں میں نشریات سن سکیں گے جہاں مسلمان کی بڑی تعداد آباد ہے۔
ان میں لیڈز، شیفیلڈ، لنکاشائر، مانچسٹر، دی ویسٹ مڈلینڈز، لیسٹر،سٹوک، ڈاربی، نوٹنگھم،کووینٹری اور وارکشائر ،تین کاؤنٹیز، مرسی سائیڈ، برکشر اور لندن شامل ہیں۔
بی بی سی کے مقامی ریڈیو کے سربراہ کرس برنز کا کہنا ہے
’ یہ اقدام مقامی ریڈیو کمیونٹی کو جوڑنے کے بارے میں ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اس ہفتہ وار سلسلے سے ان مسلمانوں کو جو کورونا وائرس کی وجہ سے آئسولیشن میں ہیں انہیں کمیونٹی سے جڑے رہنے کا احساس پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
برطانیہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 23 مارچ سے عبادات کے مقامات بند کر دیے گئے ہیں۔ بی بی سی پہلے ہی اپنے 39 مقامی اور قومی سٹیشنوں پر اتوار کو مسیحیوں کے بارے میں پروگرامز نشر کررہا ہے۔
بی بی سی کا کہنا ہے کہ گذشتہ جمعہ کو شروع ہونے والی نماز جمعہ کی نشریات تب تک جاری رہیں گی جب تک مقامی مسلمان اپنی مساجد میں واپس نہ جا سکیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کا مزید کہنا ہے کہ ہندو اور یہودی برادری جیسی دیگر مذہبی اقلیتوں کے لیے باقاعدہ نشریات کے منصوبے بھی بنائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ برطانیہ کی ملکہ الزبتھ نے گذشتہ اتوار عوام سے اپنے خطاب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر تمام مذاہب کے لوگوں کی تعریف کی ہے۔