کورونا وائرس کا خطرہ، فیس بک نے لندن آفس بند کر دیا
فیس بک کے مطابق لندن آفس کا صفائی کے لیے بند کیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کی مشہور سوشل میڈیا کمپنی فیس بک نے اپنے لندن آفس کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کی وجہ سے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی نے جمعے کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ اقدام سنگاپور سے آنے والے ایک ملازم میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد آفس کی ’مکمل صفائی‘ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق فیس بک کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہمارے سنگاپور آفس کے ایک ملازم میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ مذکورہ ملازم نے 24 سے 26 فروری کے درمیان لندن آفس کا وزٹ کیا تھا۔‘
فیس بک کے مطابق ’اس لیے ہم اپنے لندن آفس کو پیر تک صفائی کے لیے بند کر رہے ہیں اور تب تک ملازمین گھروں سے کام کریں گے۔‘
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ ان افراد سے رابطہ کیا جا رہا ہے جن کے مذکورہ ملازم سے براہ راست روابط تھے۔ ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے آپ کو الگ تھلگ رکھیں اور کورونا کی کسی بھی قسم کی علامات پر نظر رکھیں۔
اے ایف پی کے اعدادوشمار کے مطابق اب تک کورونا وائرس سے دنیا کے 91 ممالک میں ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ وائرس سے اب تک 34 سو سے زائد افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
برطانیہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق برطانیہ میں اب تک 163 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ایک شخص ہلاک بھی ہوا ہے۔