ہفتے میں ایک ہزار وینٹی لیٹرتیار کیے جائیں گے(فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی عرب نے نئے کورونا وائرس سے متاثرین کے لیے مصنوعی تنفس کے آلات کی تیاری شروع کردی- ہفتے میں ایک ہزار تنفس کے آلات تیار کیے جائیں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی ایوانہائے صنعت و تجارت کونسل میں قومی صنعتی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن العبید نے الریاض اخبار سے گفتگو میں کہا کہ سعودی صنعتکاروں کے ایک گروپ نے کورونا وائرس کے عالمی بحران کو کنٹرول کرنے میں اپنا حصہ ڈالنے کےلیے تنفس کے مصنوعی آلات کی تیاری کا کام شروع کردیا-
العبید نے توجہ دلائی کہ مختلف ممالک میں بحرانوں اور ہنگامی حالات کے زمانے میں فیکٹریاں جنگی آلات یا میڈیکل مشینوں کی تیاری پر لگا دی جاتی ہیں۔
امریکہ نے دوسری عالمی جنگ میں کار فیکٹریوں کو عسکری آلات کی فیکٹریوں میں تبدیل کردیا تھا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی کونسل آف انجینیئرنگ نے وزارت صحت، وزارت سرمایہ کاری، صنعتی گروپوں ، سعودی ہیلتھ اسپیشلائزیشن، سعودی صنعتی کمپنیوں، تنفس کی نگہداشت کی سعودی سوسائٹی، سعودی صنعتکاروں اور مصنوعات برآمد کرنے والوں کے فورم سے اپیل کی ہے کہ وہ مصنوعی تنفس کے آلات کے پروگرام میں بھر پورحصہ لیں۔
سعودی کونسل آف انجینیئر کے چیئرمین سعد الشہرانی نے کہا ہے کہ مصنوعی تنفس کے آلات کی تیاری کا پروگرام بنایا گیا ہے۔
سعودی فیکٹریاں یہ پروگرام نافذ کریں گی- اسے قومی سطح پر غیر معمولی اہمیت دی جارہی ہے- مصنوعی تنفس کے آلات نئے کورونا وائرس سے متاثرین کی زندگی بچانے میں فیصلہ کن کردارادا کریں گے۔
الشہرانی نے مصنوعی تنفس کے آلات کی تیاری میں خواہش مند فیکٹریوں سے کہا ہے کہ وہ (ایس سی ای) کی ویب سائٹ کو وزٹ کریں۔