Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

25 ملکوں کے قرضوں میں ریلیف کا اعلان

ٹرسٹ کی رقم 25 ممالک کو دی جائے گی۔ فائل فوٹو: روئٹرز
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنے 25 رکن ممالک کو قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف کا اعلان کیا ہے تاکہ وہ اپنے محدود مالی وسائل کو کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے استعمال کر سکیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق آئی ایم ایف نے رکن ممالک کے لیے یہ فیصلہ اپنے ’آفات کو روکنے کے ریلیف ٹرسٹ‘ کے تحت کیا ہے۔
آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جیورجیوا کے مطابق سی سی آر ٹرسٹ کے پاس 50 کروڑ ڈالر کے وسال موجود ہیں، جن میں سے 18.5 کروڑ ڈالر برطانیہ نے دیے، 10 کروڑ ڈالر جاپان اور دیگر رقوم چین، نیدر لینڈز اور دوسرے ملکوں سے ہے۔
مینیجنگ ڈائریکٹر کے مطابق آئی ایم ایف کی کوشش ہے کہ یہ رقم 50 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 1.4 ارب ڈالر تک کر دی جائے۔
ایک بیان میں آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ یہ رقم عالمی مالیاتی فنڈ کے پروگرام سے وابستہ ان غریب رکن ممالک کو آنے والے چھ ماہ کے لیے دی جائے گی تاکہ وہ آئی ایم ایف سے لیے قرضوں کی ذمہ داری پوری کر سکیں اور اپنے وسائل کو موجودہ حالات میں طبی اور دوسرے مقاصد کے لیے استعمال کر سکیں۔

'سی سی آر ٹرسٹ کے پاس 50 کروڑ ڈالر کے وسال موجود ہیں۔' فائل فوٹو: روئٹرز

انہوں نے دوسرے ڈونر ملکوں سے بھی درخواست کی کہ وہ سی سی آر ٹرسٹ کی مدد کریں تاکہ آئی ایم ایف اپنے غریب ترین ممالک کی اگلے دو سال تک مدد کر سکے۔
سی سی آر ٹرسٹ میں سے جن ممالک کو رقم دی جائے گی ان میں افغانستان، بینین، برکینا فاسو، سنٹرل ایفریقن ریپبلک، چیڈ، کوموروس، کانگو، گیمبیا، گنی، گنی بساو، لائبیریا، میڈاگاسکر، سیرا لیون، سولومون آئی لینڈ، ٹوگو، نائجر، ساو ٹوم اینڈ پرینشیپی، روانڈا، نیپال، تاجکستان اور یمن شامل ہیں۔

شیئر: