سعودی کابینہ:پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری
سعودی کابینہ:پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری
منگل 14 اپریل 2020 18:34
شاہ سلمان کی صدارت میں کابینہ نے 16 قراردادیں منظور کی ہیں-( فوٹو ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے منگل کو شاہ سلمان کی صدارت میں منعقدہ اجلاس کے دوران 16 قراردادیں منظور کی ہیں-
کابینہ نے امریکہ کے ساتھ ایٹمی سلامتی کے تنظیمی امور میں تعاون اور تکنیکی معلومات کے تبادلے سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی-
تجدد پذیر توانائی کے منصوبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے، آئل ریفائنری اور پٹروکیمیکل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کے جائزے سے متعلق پاکستانی حکومت کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کی بھی منظوری دی ہے-
سعودی کابینہ نے طے کیا ہے کہ سیاحتی ویزوں کی میعاد میں بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کا دورانیہ شمار نہیں کیا جائے گا-
یاد رہے کہ سعودی حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کےلیے حفاظتی اقدامات کے تحت بین الاقوامی پروازوں پرپابندی لگا رکھی ہے-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اگر کسی شخص نے سیاحتی ویزا حاصل کیا ہو اور اس نے اسے استعمال نہ کیا ہو یا وہ سیاحتی ویزے پر سعودی عرب آگیاہو اور اسی دوران بین الاقوامی پروازوں پر پابندی لگادی گئی ہو تو اس کے سیاحتی ویزے پر بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کے ایام شمار نہیں کیے جائیں گے- انشورنس کا دورانیہ بھی بین الاقوامی پروازوں کی پابندی سے متاثر نہیں ہوگا-
سعودی کابینہ نے سیول نیشنل یونیورسٹی’ کوریا کے قومی تجربات کے ادارے اور سیول نیشنل یونیورسٹی کے ہسپتال کے ساتھ وزارت نیشنل گارڈز کی مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی ہے-
سعودی کابینہ نے روس کے ساتھ تجارتی مشن کی بابت معاہدے ،سعودی عرب اور بنگلہ دیش کے خبررساں اداروں کے درمیان خبروں کے تبادلے اور تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دی-
سعودی کابینہ نے وزیر خزانہ کو آمدنی اور زکوۃ کے مفاہمتی یادداشت کے لیے مختلف مالک کے ساتھ مذاکرات کا اختیار تفویض کردیا- انہیں سنگاپورکے محکمہ کسٹم کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا اختیار بھی سپرد کردیا-
کابینہ نے جہاز رانی کے شعبے میں چین کے ساتھ تعاون کے معاہدے کی منظوری جبکہ سعودی ایف ڈی اے کے سربراہ کو امارات کے ساتھ خوراک کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کردیا-
سعودی کابینہ نے مالیاتی اکیڈمی کے قیام کا بھی فیصلہ کیاہے-