Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیندوا پاکستان کا تھا یا انڈیا کا؟

تیندوے نے گھر کے اندر چھلانگ لگا کر پالتو کتے پر حملہ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاؤن نے جہاں لوگوں کو گھروں میں رہنے پر مجبور کر دیا ہے وہیں پہاڑوں سے جڑے شہروں میں جنگلی حیات کو آنے کی ایک طرح سے دعوت بھی دے دی ہے۔
کئی لوگوں نے جانوروں خاص طور پر تیندوے کے اسلام آباد کے ٹریل پر نظر آنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔ تاہم حال ہی میں گردش کرنے والی ویڈیو میں ایک تیندوے کو ایک گھر میں کودتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ ویڈیو اسلام آباد کی ہے، پاکستان کے کسی اور شہر یا دنیا کے کسی اور ملک کی اس پر سوشل میڈیا پر سوالات کھٹرے ہوئے۔
ٹوئٹر پر ایک صارف نے لکھا کہ 'تیندوے کے گھر میں چھلانگ لگانے والی ویڈیو اسلام آباد کے مارگلہ روڈ پر واقع ایک گھر کی ہے۔' اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک تیندوہ گھر کے اندر چھلانگ لگا کر پالتو کتے پر حملہ کر رہا ہے۔ 
تاہم ٹائمز آف انڈیا کی کچھ دن پہلے شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق یہ ویڈیو انڈین ریاست گجرات کی ہے۔ 
یہ سی سی ٹی وی ویڈیو گجرات میں انا نام کی رہائشی سوسائٹی کی ہے۔ 
اس بات کی تصدیق اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے بھی کی ہے۔
ٹوئٹر پر ایک صارف کی ویڈیو کے جواب میں انہوں نے لکھا ہے کہ 'یہ ویڈیو اسلام آباد کی نہیں ہے۔'
واضح رہے کہ وزارت اطلاعات کے افسر دانیال گیلانی نے 11 اپریل کو ٹوئٹر پر تیندوے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'نیشنل پارک میں ممکنہ طور پر تین تیندوں کے خاندان موجود ہیں جو لاک ڈاؤن کے دوران مزے سے گھوم پھر رہے ہیں۔'
وائلڈ لائف اہلکار سخاوت نے اردو نیوز کو بتایا کہ 'شہر میں جانوروں کے گھومنے پھرنے کی بنیادی وجہ مارگلہ ہلز پر عوام کا نہ جانا ہے جس کی وجہ سے یہ جنگلی جانور آزادی سے گھوم پھر رہے ہیں۔'

شیئر: