Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی کارکنوں کی رہائش کےلیے 3 ہزار سے زائد سکول مختص

کورونا وائرس سے بچاؤ کےل یے کارکنوں کو بہتر رہائش فراہم کی جارہی ہے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت و دیگر متعلقہ وزارتوں کے تعاون سے غیرملکی کارکنوں کے لیے بہتر رہائشی مراکز کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
مملکت کے مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے تحت نامناسب رہائشی مراکز سے غیر ملکی کارکنوں کو سماجی فاصلے کی شرط پوری کرنے والے رہائشی مراکز میں منتقل کیاجارہا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت تعلیم نے وزارت بلدیات و دیہی امور کو 3445 سکول غیرملکی کارکنان کی رہائش کے لیے حوالے کردیے ہیں۔

کارکنوں کو سینیٹائزر کے استعمال کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)

وزارت صحت نے باحہ میں 20 ہزار سے زائد صفائی کارکنان کو ان کے اجتماعی رہائشی مراکز سے نکال کر سرکاری سکولوں کی عمارتوں میں منتقل کرا دیا ہے۔
ان دنوں مملکت سمیت دنیا بھر میں پھیلے کورونا بحران کو قابو کرنے کےلیے سماجی فاصلے والی رہائش کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
محکمہ صحت باحہ کے ترجمان ماجد الشطی نے بتایا کہ باحہ میں تقریبا 80 فیصد صفائی کارکنان کو سکولوں کی عمارتوں میں منتقل کردیا گیا۔ ان کا طبی معائنہ بھی کرلیا گیا جبکہ نئے کورونا وائرس سے بچنے کے طور طریقوں سے بھی انہیں آگاہ کردیا گیا۔
200 سے زیادہ صحت اہلکاروں اور ڈاکٹرز نے یہ کام انجام دیا۔ باحہ صوبے میں 10 سے زیادہ میڈیکل ٹیمیں صفائی مزدوروں کے طبی معائنے اور انہیں کورونا وائرس کی وبا سے آگہی پر مامور ہیں۔ ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ کارکنان کا معائنہ کرلیاگیا۔
محکمہ تعلیم باحہ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبدالخالق الزہرانی نے بتایا کہ باحہ میں 30 سے زیادہ سکولوں کی عمارتیں وزارت صحت کے حوالے کردی گئیں جبکہ  ضرورت پڑنے پر مزید عمارتیں بھی مہیا کردی جائیں گی۔
یوتھ ہاؤس اور سکاؤٹ کیمپس بھی وزارت کے حوالے کردیے گئے ہیں۔

وزارت صحت کی جانب سے کارکنوں کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کیاجاتاہے (فوٹو:ایس پی اے)

الاحسا میں 200 غیرملکی کارکنان کو سکولوں میں منتقل کردیاگیا۔ جہاں ان کے لیے صحت بخش رہائش کے انتطامات کیےگئے ہیں۔
دارالحکومت ریاض کے ’الملز‘ محلے کے سکولوں میں بھی غیرملکی کارکنان کی رہائش کا بندوبست کیا گیا ہے۔
 

شیئر: