صامطہ اور الدایرکمشنریوں میں بھی 24 گھنٹے کا کرفیو
صامطہ اور الدایرکمشنریوں میں بھی 24 گھنٹے کا کرفیو
جمعہ 17 اپریل 2020 17:35
عمل درآمد کا آغاز جمعہ 17 اپریل کو سہ پہر سے کردیا گیا-(فوٹو اے ایف پی)
سعودی وزارت داخلہ نے صامطہ اور الدایرکمشنریوں میں بھی 24 گھنٹے کا کرفیو لگا دیا ہے- ان کمشنریوں میں آنے جانے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے-
کرفیو پرعمل درآمد کا آغاز آج جمعے کی سہ پہر سے کر دیا گیا ہے- یہ لاک ڈاؤن تا اطلاع ثانی نافذ رہے گا-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بیان میں کہا کہ لاک ڈاؤن سے سرکاری اور نجی سیکٹرز کے وہ ملازمین مستثنی رہیں گے جن کے لیے کرفیو کے دوران ڈیوٹی دیتے رہنا ضروری ہے-
وزارت داخلہ کے مطابق صامطہ اور الدایر کے سعودی باشندے اور غیر ملکی کو لاک ڈاؤن کے دوران گھروں سے کھانے پینے کی اشیا اور علاج معالجے جیسی بنیادی ضروریات کے لیے باہر نکل سکتے ہیں-
مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی روزانہ صبح 6 سے سہ پہر 3 بجے تک اپنے محلے کے اندر کھانے پینے کی اشیا خریدنے اور علاج معالجے کے لیے گھروں سے نکل سکتے ہیں لیکن اس دوران بھی انہیں محلے سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی-
وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ جو لوگ صبح 6 بجے سے سہ پہر تین بجے تک اپنے ضروری کاموں کے لیے گھروں سے نکلیں گے وہ گاڑیاں استعمال کرسکتے ہیں لیکن گاڑی میں ڈْرائیور کے علاوہ ایک شخص بیٹھ سکتا ہے اس کے علاوہ اور کوئی نہیں-
ضرورت پڑنے پر مستثنی سرگرمیوں میں کمی بیشی کی جاسکے گی-(فوٹو اے ایف پی)
وزارت داخلہ نے بیان میں کہا ہے کہ صامطہ اور الدایر میں چوبیس گھنٹے کسی قسم کی تجارتی سرگرمی کی اجازت نہیں- اس سے صحت ادارے، فارمیسیاں، کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والی دکانیں، پٹرول سٹیشن، گیس سیلنڈرز کے سینٹر مستثنی ہوں گے جبکہ بینک خدمات، پلمبر، الیکٹریشن اور ایئر کنڈیشن کے ٹیکنینشنز کو اپنا کام انجام دینے کی اجازت ہوگی- پانی کی فراہمی اور گندے پانی کی نکاسی کی خدمات پر بھی پابندی نہیں ہوگی-
وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ وزارت داخلہ کی سپیشل کمیٹی لاک ڈاؤن سے مستثنی سرگرمیوں پر نظر ثانی کرتی رہے گی-
وزارت داخلہ نے تمام شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران صرف بالغ افراد کو گھروں سے محدود دائرے میں نکلنے کی اجازت ہے۔ بچوں کو اس دوران بھی گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہے-
بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی سمارٹ آلات ایپلی کیشن کے ذریعے کھانے پینے کی اشیا، دوائیں اور وہ ساری خدمات جنہیں لاک ڈاؤن سے استثنی حاصل دیا گیا ہے۔ ہوم سروس کی سہولت کےذریعے گھر بیٹھے حاصل کریں-
وزارت داخلہ نے اطمینان دلایا ہے کہ یہ حفاظتی اقدامات کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور صحت عامہ کی حفاظت کی خاطرکیے گئے ہیں-
سب لوگ انفرادی طور پر بھی اپنی ذمہ داری کو محسوس کریں اور مفاد عامہ کی خاطرسماجی دوری کی تدابیر کی پابندی کریں-