'20 سال سے آپ کو 20 کا ہی دیکھ رہے ہیں‘
شہزاد رائے نے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'کبھی ہم بھی MEat20 تھے (فوٹو: ٹوئٹر)
کورونا وائرس کی وجہ سے مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر اکثر لوگ ورک فرام ہوم سے بور ہونے کا شکوہ بھی کرتے بھی نظر آرہے ہیں۔ یوں تو گھر میں رہنے والے افراد کی سماجی زندگی رک سی گئی ہے مگر وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر فعال نظر آرہے ہیں۔ شاید اسی وجہ سی روزانہ ٹوئٹر کھولتے ہی کچھ نہ کچھ منفرد اور دلچسپ دیکھنے کو ضرور ملتا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنی بیس سال پرانی تصویر شیئر کرنے کا ٹرینڈ چل رہا ہے جس کی مناسبت سے لوگ اپنی اپنی پرانی تصاویر شیئر کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر سینیئر ٹی وی اینکر حامد میر، عاصہ شیرازی، سینیٹر شیری رحمان، گلالئی اسماعیل اور سینیٹر سعید غنی سمیت کئی معروف شخصیات نے بھی اس چیلنج میں اپنی پرانی تصاویر پوسٹ کیں، لیکن گلوکار شہزار رائے کی 20 سال پرانی تصویر میں ایسی کیا خاص بات ہے کہ اسے بے حد پسند کیا جا رہا ہے ۔
شہزاد رائے نے اپنی بیس سال پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'کبھی ہم بھی MEat20 تھے۔'
اس تصویر کو سوشل میڈیا صارفین بے حد پسند کر رہے ہیں اور اسی حوالے سے تصویر پر تبصرہ بھی جاری ہے۔ ٹوئٹر صارف بیا علی زینب نے شہزاد رائے کی اسی تصویر کو چار دفعہ پوسٹ کرتے ہوئے تصویر پر کمنٹ کیا کہ 'شہزاد رائے 20 ،40 اور 80 سال کی عمر میں۔'
بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے گلوکار سے اس کا راز بھی پوچھا، ٹوئٹر صارف ثمن جعفری نے لکھا کہ 'ا’ٓپ تو آج بھی ایسے ہی ہیں، سر یہ چیلنج ان لوگوں کے لیے ہے جو واقعی ان 20 برسوں میں بدلے ہیں۔‘
مسرور خان نے لکھا کہ ’جناب بیس سال سے آپ کو بیس کا ہی دیکھتے آ رہے ہیں۔‘
نوید راضی نے لکھا کہ ’بھائی آپ آج کی تصویر بھی 20 سال پرانی لکھ کر ڈال دیں تب بھی کسی کو پتہ نہیں چلے گا۔‘