ایپلی کیشن ٹیکسی سروس بھی بحال
اتوار 19 اپریل 2020 20:15
جب کرفیو نہ ہو ایپلی کیشن ٹیکسی سروس موثر ہوگی-(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزیر نقل و حمل انجینیئر صالح الجاسر نے کہا ہے کہ سعودی شہروں میں ایپلی کیشن ٹیکسی سروس بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا-
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ان شہروں میں جہاں چوبیس گھنٹے کا کرفیو نہیں ہے ایپلی کیشن ٹیکسی سروس بحال کرنے کی منظوری دی ہے-
الشرق الاوسط کے مطابق سعودی عرب کے ایسے تمام شہر جہاں جزوی کرفیو لگا ہوا ہے وہاں ایسے اوقات میں جب کرفیو نہ ہو ایپلی کیشن ٹیکسی سروس موثر ہوگی-
الجاسر نے بتایا کہ متعدد اداروں کی نمائندہ ورکنگ ٹیم نے ایپلی کیشن ٹیکسی سروس کے ضوابط ترتیب دے دیے ہیں تاکہ کورونا وائرس کی وبا سے ٹیکسی ڈرائیور متاثر ہوں اور نہ ہی ان کی سواریوں کی صحت و سلامتی کو کسی طرح کا کوئی نقصان پہنچے-
سعودی وزیر نے کہا کہ یہ فیصلہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیے گئے حفاظتی اقدامات سے متاثرہ نجی اداروں کو مسائل کے بھنور سے نکالنے کے لیے کیا گیا ہے- قیادت کو متاثرہ اداروں کے مسائل کا احساس ہے- متاثرہ اداروں میں ایپلی کیشن ٹیکسیاں شامل ہیں-
ایپلی کیشن ٹیکسی سروس کی بحالی سے مملکت بھر میں ایک لاکھ گاْڑیوں کو فائدہ پہنچے گا- پانچ ہزار ایسے سعودی شہری بھی اس سے فائدہ اٹھاسکیں گے جو کسی ایپلی کیشن کمپنی سے جڑے ہوئے نہیں ہیں-