غیر ملکیوں کو اس کی اجازت نہیں ہوگی-(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے سربراہ احمد الراجحی نے سمارٹ ایپلی کیشن ٹیکسی سروس سعودیوں کے لیے مختص کردی ہے-
سمارٹ ایپلی کیشن ٹیکسی آئندہ صرف سعودی شہری ہی چلائیں گے غیر ملکیوں کو اس کی اجازت نہیں ہوگی-
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر افرادی قوت نے بدھ کو بیان جاری کرکے واضح کیا کہ’ سمارٹ ایپلی کیشن ٹیکسی سروس سعودیوں کے لیے مخصوص کرنے کا فیصلہ وژن 2030 کے تحت کیا گیا ہے‘-
’اس کا مقصد سعودی شہریوں کو روزگارکے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔ بہت سارے نوجوان ایپلی کیشن ٹیکسی سروس سےمنسلک ہوکر اپنی آمدنی کو بڑھا سکیں گے۔ اس سے سعودی معیشت بھی مضبوط ہوگی اور مجموعی قومی پیداوار میں اضافہ ہوگا‘-
وزارت افرادی قوت نے مزید کہا کہ اس فیصلے پر عمل درآمد پوری قوت سے کرایا جائے گا-
ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کے جو ادارے اس کی خلاف ورزی کریں گے انہیں گزشتہ سال جاری کردہ فیصلے کے مطابق سزائیں دی جائیں گی-
وزارت نے گزشتہ برس اس حوالے سے خلاف ورزیوں کا ایک چارٹ جاری کیا تھا جس میں سزاؤں کا تذکرہ بھی شامل ہے۔