وزیراعظم کے کورونا ٹیسٹ کا فیصلہ فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 'آج (بدھ کو) وزیراعظم عمران کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا اور میں یہ بتاتے ہوئے خوش ہوں کہ یہ ٹیسٹ منفی آیا ہے۔'
وزیراعظم پاکستان کے کورونا ٹیسٹ کا فیصلہ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیا گیا تھا۔ ٹیسٹ کے لیے سیمپل وزیراعظم کے آفس میں ہی لیا گیا جسے بعد میں لیبارٹری بھیجا گیا۔
منگل کو وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیصل نے کہا تھا کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے کورونا ٹیسٹ کے لیے سیمپل لے لیا گیا ہے۔ خیال رہے چند دن قبل فیصل ایدھی کی وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی۔
ملاقات کے دوران فیصل ایدھی نے وزیراعظم کے کورونا فنڈ کے لیے ایک کروڑ روپے چیک ان کے حوالے کیا تھا۔
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ 'وزیراعظم سے ملاقات کے لیے آنے والوں کو سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد کا پابند بنایا جاتا ہے۔
خود وزیراعظم بھی احتیاط کرتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والوں کو ہینڈ سینی ٹائزر استعمال کرنے کے بعد ہی ملاقات کے لیے بھیجا جاتا ہے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ وزیراعظم آفس باقاعدگی سے ڈِس انفیکٹ ہوتا ہے۔ ان کے مطابق ہر دوسرے دن پورے پی ایم ہاؤس کوڈس انفیکٹ کیا جاتا ہے، ’وزیراعظم آفس میں اجلاس ہوتے ہیں اس لیے ڈس انفیکٹ ہونا ضروری ہوتا ہے۔‘
امریکی صد اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
فردوس عاشق اعوان نے بتایا تھا کہ وزیراعظم اوران کی فیملی کا پہلے کورونا ٹیسٹ ہو چکا تھا جومنفی آیا۔ فیصل ایدھی کی وزیراعظم سے زیادہ بات چیت نہیں ہوئی انہوں نے وزیراعظم کو صرف چیک دیا۔
صدر ٹرمپ اور عمران خان کا رابطہ
دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں راہنماؤں نے کورونا کی عالمی وباء کے خلاف مشترکہ کوششیں کرنے اور اس کے کم سے کم معاشی اثرات کے بارے میں بات چیت کی ہے۔
وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان سے گفتگو کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان کورونا کے خلاف عالمی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ اس وبا کے خاتمے کے لیے مربوط اور مشترکہ کوششیں کی جائیں گی تاکہ اس کے معاشی اثرات کو کم سے کم رکھا جا سکے۔
فردوس عاشق اعوان نے بتایا تھا کہ وزیراعظم اور ان کی فیملی کا پہلے کورونا ٹیسٹ ہو چکا تھا جومنفی آیا (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی و عالمی سلامتی کی صورت حال اور دو طرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اپنے ملک میں امیگریشن پر عارضی پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کورونا وائرس کے باعث امریکی معیشت کو پہنچنے والے نقصان کے پیش نظر امریکی صدر نے امیگریشن پر عارضی پابندی کا اعلان کیا۔
عمران خان نے صدر ٹرمپ کو بتایا کہ پاکستان نے غریبوں کو آٹھ ارب ڈالر کا پیکج دیا ہے (فوٹو: اے پی)
صدر ٹرمپ نے پیر کی رات ٹویٹ کیا کہ موجودہ حالات میں وہ غیر مرئی دشمن کے حملے سے بچنے اور عظیم امریکی شہریوں کی ملازمتوں کے تحفظ کے لیے صدارتی حکم کے تحت ملک میں امیگریشن پرعارضی پابندی عائد کرنے کے حکم نامے پر دستخط کریں گے۔
دریں اثنا وزیراعظم پاکستان کے آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے امریکہ میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر اظہار تعزیت کیا ہے جبکہ وبا کے پھیلاؤ سے روکنے کے لیے کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ 'پاکستان کورونا کے ساتھ ساتھ اپنے لوگوں بالخصوص پسے ہوئے طبقے کو بھوک سے بچانے کے چیلنج سے بھی نمٹنے میں مصروف ہے۔ حکومت نے اس مقصد کے آٹھ ارب ڈالر کا پیکیج دیا ہے۔'
چند دن قبل فیصل ایدھی کی وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
وزیراعظم نے آئی ایم ایف میں پاکستان کی حمایت کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'آئی ایم ایف کی جانب سے قرضوں کے التوا سے پاکستان کو کورونا کے پاکستانی معیشت پر اثرات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
علاقائی صورت حال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے لیے سیاسی مفاہمت میں معاونت جاری رکھے گا اس حوالے سے انٹرا افغان مذاکرات کے لیے اقدامات کو بھی سپورٹ کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق صدر ٹرمپ نے وزیراعظم کی ٹیلی فون کال کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ امریکہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کرے گا۔ اس سلسلے میں پاکستان کو مالی مدد کے ساتھ ساتھ وینٹی لیٹرز کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان کے کورونا ٹیسٹ کے بارے میں جان کر صدر ٹرمپ نے وزیراعظم کو کورونا کے ریپڈ ٹیسٹ مشین بھیجنے کی پیشکش کی جس پر وزیراعظم نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں