Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی امیگریشن پر عارضی پابندی عائد کرنے کا اعلان

امریکہ میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے دو کروڑ 20 لاکھ ملازمتیں ختم ہوئیں۔ فوٹو: اے پی
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اپنے ملک میں امیگریشن پر عارضی پابندی لگا رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کورونا وائرس کے باعث امریکی معیشت کو پہنچنے والے نقصان کے پیش نظر امریکی صدر نے امیگریشن پر عارضی پابندی کا اعلان کیا۔
صدر ٹرمپ نے پیر کی رات ٹویٹ کیا کہ موجودہ حالات میں وہ غیر مرئی دشمن کے حملے سے بچنے اور عظیم امریکی شہریوں کی ملازمتوں کے تحفظ کے لیے صدارتی حکم کے تحت ملک میں امیگریشن پرعارضی پابندی عائد کرنے کے حکم نامے پر دستخط کریں گے۔

 

امریکی صدر نے کہا کہ اس منصوبے سے امریکی شہریوں کی ملازمتوں کا تحفظ ہوگا۔ اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں پہلے ہی کورونا وائرس کی وجہ سے دو کروڑ 20 لاکھ افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔
امریکہ میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 41 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
کورونا نے سب سے زیادہ نیویارک ریاست کو متاثر کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو کو ملاقات کے لیے وائٹ ہاؤس بلایا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق یہ ملاقات منگل کو دوپہر کے بعد ہوگی۔
دوسری جانب امریکہ میں ہزاروں افراد لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق پنسلوانیا میں سینکڑوں افراد نے ’پٹریاٹ ریلی‘ نکالی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن میں سے ایک پر لکھا تھا کہ ’مجھے آزادی دیں یا پھر موت دے دیں۔‘

شیئر: