ڈبلیو ایچ او نے ویکیسن کی تیاری کا کام تیز کرنے کی کوششیں شروع کر دیں (فوٹو: اے ایف پی)
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے آئندہ جمعے کو کورونا وائرس کے خلاف ویکسین کی تیاری، پیداوار اور تقسیم کے حوالے سے عالمی اقدامات کو تیز کرنے کا اعلان کیا جائے گا تاہم امریکہ نے اس کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جنیوا میں امریکی مشن کے ترجمان نے برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ 'امریکہ کی اس کانفرنس میں کوئی نمائندگی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 'ہم کووڈ 19 کے لیے ویکسین کی جلد سے جلد تیاری اور تعاون سے متعلق ان عالمی کوششوں کے بارے میں مزید جاننا چاہیں گے۔'
یاد رہے کہ امریکہ عالمی ادارہ صحت کا سب سے بڑا ڈونر ہے تاہم صدر ٹرمپ نے عالمی ادارے کی امداد معطل کر رکھی ہے۔ فرانس کے صدر میخوان اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے اقوام متحدہ اور عالمی ادارہ صحت کی ان کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق کورونا وائرس سے دنیا بھر میں مرنے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 98 ہزار 405 ہو گئی ہے جبکہ 28 لاکھ 34 ہزار 134 مریض ہیں۔'
امریکہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا سب سے بڑا ملک ہے جہاں اب تک 9 لاکھ 6 ہزار 551 مریض سامنے آچکے ہیں۔ امریکہ میں اس وبا سے اب تک 52 ہزار 42 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک لاکھ کے قریب افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
امریکہ کے بعد اٹلی وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اٹلی میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 26 ہزار کے قریب ہو چکی ہے، 60 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوئے جبکہ ملک میں کورونا کے کل مریض ایک لاکھ 93 ہزار کے قریب ہیں۔
سپین کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے۔ سپین میں اب تک 23 ہزار کے قریب افراد کورونا کی نذر ہو چکے ہیں جبکہ ملک میں 2 لاکھ 24 ہزار کے قریب مریض موجود ہیں۔ سپین میں 96 ہزار کے قریب افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
فرانس میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 22 ہزار 200 سے زائد ہو گئی ہے۔ ملک میں ایک لاکھ 60 ہزار کے قریب افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 44 ہزار 200 سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق برطانیہ کی وزارت صحت نے ہفتے کو بتایا کہ 'ملک میں کورونا سے مزید 813 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار 319 ہو گئی ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق برطانیہ میں کورونا وائرس کے ایک لاکھ 44 ہزار 600 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں اور صرف 737 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔؎
جرمنی میں کورونا وائرس سے 5 ہزار 788 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ایک لاکھ 55 ہزار سے زائد افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ایک لاکھ 9 ہزار 800 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔
ایران میں 5 ہزار 650 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ 68 ہزار 193 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ کل 89 ہزار 300 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
چین جہاں سے کورونا وائرس کا آغاز ہوا تھا میں مریضوں کی کل تعداد 83 ہزار 900 سے زائد ہے، 4 ہزار 636 افراد ہلاک اور 78 ہزار ایک سو سے زائد صحت یاب ہو چکے ہیں۔