لکسمبرگ حکومت کی جانب سے ہر فرد کا کورونا ٹیسٹ کرنے کے اعلان کو ایک بڑا اور اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے جب کہ اس سے قبل 30 ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے بھی جا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق 'ملک میں کورونا وائرس کے 3 ہزار 729 تصدیق شدہ کیسز ہیں جبکہ 88 افراد اب تک جان کی بازی ہار چکے ہیں۔'
لکسمبرگ کے وزیر تحقیق اور تعلیم کلاڈ مائشچ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے رپورٹرز کو اپنی حکومت کی حکمت عملی سے متعلق آگاہ کیا۔
'ہم ایک ماہ کے دوران ملک کی پوری آبادی کا کورونا ٹیسٹ کریں گے۔'
دوسری جانب حکومت نے آئندہ ماہ سکول کھولنے کی تیاریوں کے سلسلے میں طلبہ اور اساتذہ کو ٹیسٹنگ سٹیشنز پر مدعو کیا ہے۔
ہنگامی ٹیسٹ پروگرام کے سربراہ پروفیسر الف نہرباس کا کہنا ہے کہ 'اپنا ٹیسٹ کروائیں! یہ آئندہ آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں ہمارے آزادانہ طور پر رہنے کے لیے آپ کی جانب سے بہت اہم شراکت ہوگی۔'
لکسمبرک میں ملک گیر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرانے پر 6 ارب 92 کروڑ 30 لاکھ روپے یا 40 ملین یورو یا 43 ملین ڈالر اخراجات آئیں گے۔ ملک میں لاک ڈاؤن کے مرحہ وار خاتمے کے بعد ہر شہری کو وبا سے بچاؤ کے لیے پانچ پانچ ماسکس دیے گئے ہیں۔