Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس سے اٹلی میں ڈیڑھ سو سے زیادہ ڈاکٹرز ہلاک

یورپ میں کورونا وائرس سے سپین کے بعد اٹلی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے (فوٹو: اے پی)
اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث ڈیڑھ سو سے زیادہ ڈاکٹرز ہلاک ہو چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اٹلی کی ہیلتھ ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ فروری سے اب تک ہلاک ہونے والے ڈاکٹروں کی تعداد 151 ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق رواں ماہ کی 9 تاریخ کو ہلاک ہونے والے ڈاکٹروں کی تعداد 100 ہوگئی تھی۔ اٹلی میں کورونا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 26 ہزار نو سو سے زیادہ ہوگئی ہے۔ 
اٹلی کے وزیراعظم نے آئندہ پیر سے لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کا اعلان کیا ہے جبکہ زیادہ تر سٹورز اور دیگر کاروبار 18 مئی کو کھل جائیں گے۔
کورونا وائرس سے یورپی ممالک میں سپین کے بعد اٹلی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

وبا ختم ہونے کے قریب نہیں ہے

دوسری طرف عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا ختم ہونے کے قریب نہیں ہے، انہوں نے اس کے باعث بچوں کو ملنے والی صحت کی سہولیات میں خلل پیدا ہونے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے بتایا ہے کہ ’کورونا کی وجہ سے معمول کے مطابق ملنے والی صحت کی سہولیات میں بھی خلل آنے کی وجہ سے بالخصوص بچوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔‘

افریقہ میں بھی کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

روئٹرز کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ ان کا ادارہ افریقہ، مشرقی یورپ، لاطینی امریکہ اور کچھ ایشیائی ممالک میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے بارے میں فکر مند ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’ہمیں ایک طویل راستہ طے کرنا ہے اور بہت کام کرنا ہے۔‘
ویکسین کے لیے قائم عالمی اتحاد کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث سرحدیں بند ہونے کی وجہ سے 21  ممالک میں دیگر بیماریوں کے لیے ویکسین کی قلت رپورٹ ہوئی تھی۔
’افریقہ میں ملیریا کے کیسز دوگنے ہو سکتے ہیں، لیکن ضروری نہیں کہ ایسا ہو کیونکہ ہم دیگر ممالک کے ساتھ مل کر افریقہ کی مدد کر رہے ہیں۔‘

شیئر:

متعلقہ خبریں